November 05, 2018
فیشن کی دوڑ میں سب سے آگے کون؟

فیشن کی دوڑ میں سب سے آگے کون؟

بی ٹائون سے تعلق رکھنے والے سلیبریٹیز، پردۂ سیمیں پر اپنی خوبصورتی اور عمدہ اداکاری کے سبب ہی دنیا بھر میں پہچان نہیں رکھتے بلکہ سنیما اسکرین سے ہٹ کر بھی ان کا اسٹائل شائقین کی توجہ کا مرکز رہتا ہے، جہاں سنیما کے پردے پر دکھائی دینے والے ان کے کردار تادیر یادگار رہتے ہیں، وہیں عام زندگی میں ان کی وضع قطع اور ان کا اپنایا ہوا فیشن، پرستاروں پر گہرا تاثر قائم کرتا ہے۔
بولی وڈ کے آسمان پر جگمگاتے یہ ستارے، خواہ کسی تقریب کیلئے پُرتکلف اور اعلیٰ ترین لباس زیب تن کریں یا روزمرہ کے آرام دہ ملبوس میں گھومتے پھرتے نظر آئیں، ان کا مخصوص اسٹائل بہرصورت ان کے ساتھ رہتا ہے۔ فیشن کے معاملے میں ان کا انتخاب عموماً لاجواب ثابت ہوتا ہے جس کی بدولت یہ سبھی کو متاثر کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔ یہاں چند ایسے فلمی ستاروں کا احوال پیش کیا جارہا ہے جو فیشن کی دوڑ میں سب سے آگے دکھائی دیتے ہیں اور ان کا شمار آج فیشن ایبل ترین سلیبریٹیز میں کیا جاتا ہے۔
پریانکا چوپڑا: فیشن کے ضمن میں انڈسٹری میں آج جس اداکارہ کا طوطی بولتا دکھائی دیتا ہے، وہ پریانکا چوپڑا کے سوا کوئی نہیں۔ یہ وہی پریانکا ہیں جنہیں ابتداء میں فیشن کی حس سے عاری قرار دیا جاتا تھا اور اس معاملے میں وہ مسلسل تنقید کی زد میں رہتی تھیں۔ لیکن گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے بتدریج اپنا انداز تبدیل کیا اور اب فیشن کے معاملے میں وہ اپنا اعتماد قائم کرنے میں کامیاب ہوچکی ہیں۔ یہ ان کا بھرپور اعتماد ہی ہے جس کی بدولت ان کا اسٹائل سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ پریانکا جنہیں ان کے پرستاروں کے حلقے میں ’’پی سی‘‘ کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے، فلمی میلوں میں خوبصورت تراش خراش والے گائونز پہنیں یا ہلکے پھلکے ملبوس میں نیویارک کی کسی سڑک پر دکھائی دیں، اپنی انفرادیت قائم رکھنے کے گُر سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ان کا اسٹائل محض ملبوسات تک ہی محدود نہیں بلکہ جوتوں اور دیگر لوازمات کا انتخاب بھی انہیں فیشن کی دوڑ میں نمایاں رکھتا ہے۔
رواں سال کے دوران جس طرح وہ پیشہ ورانہ محاذ پر کامیاب دکھائی دیتی ہیں، اسی طرح انہوں نے فیشن کے متعدد نئے رجحانات بھی متعارف کرائے اور اس معاملے میں کوئی نیا تجربہ کرنے سے قطعی نہیں ہچکچائیں۔ ملبوسات کا شاید ہی کوئی رنگ ایسا ہو جسے انہوں نے پورے اعتماد کے ساتھ نہ اپنایا ہو۔ کبھی وہ میٹ گالا میں اپنی منفرد انداز کی ٹوپی پہنے دکھائی دیتی ہیں تو اپنی دوست میگن مرکل اور شہزادہ ہیری کی شادی کے موقع پر ایک خوش رنگ ہیٹ سر پر سجائے نظر آتی ہیں اور ہر انداز میں خوب تر دکھائی دیتی ہیں۔
دپیکا پڈوکون: انڈسٹری کی طرح دار اداکارائوں میں اس وقت دپیکا پڈوکون سب سے نمایاں دکھائی دیتی ہیں۔ اپنی پُرکشش مسکراہٹ اور فطری انداز کے سبب وہ ہر جگہ بڑی آسانی سے مرکز نگاہ بننے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔ اس پر ان کا اعتماد گویا سونے پر سہاگے کا کام دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ محض پردۂ سیمیں پر ہی اپنے اسٹائل کا جادو نہیں جگاتیں بلکہ اس کے علاوہ بھی ان کا انداز سب سے الگ دکھائی دیتا ہے۔ فیشن کے معاملے میں ان کا انتخاب ہمیشہ لاجواب ہوتا ہے۔ پھر انہیں فیشن کی خاص سمجھ ہے، اسی لئے وہ جو اسٹائل اپناتی ہیں، ان کے خوبصورت خدوخال پر سج سا جاتا ہے۔ انہی خصوصیات کے سبب فیشن کے منظرنامے پر نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ عالمی محاذ پر بھی دپیکا کا راج نظر آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ صرف ایک نام نہیں بلکہ ایک برانڈ کی سی حیثیت اختیار کر گئی ہیں۔
عالیہ بھٹ: گزشتہ چند سالوں کے دوران وقت کے ساتھ ساتھ عالیہ بھٹ کی اداکاری کے علاوہ ان کے اسٹائل میں بھی خوشگوار تبدیلی آئی ہے۔ ان کا اسٹائل جدت سے آراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایساہے ایسا ہے کہ جسے ہر لڑکی بڑی سہولت کے ساتھ اپنا سکتی ہے۔ رواں سال کے دوران عالیہ نے جتنے بھی ملبوسات زیب تن کئے، وہ جاذبِ نظر ہونے کے ساتھ ساتھ آرام دہ بھی تھے۔ موسم گرما کے دوران انہوں نے اپنے لئے جن رنگوں کا انتخاب کیا، وہ آنکھوں کو تراوٹ کا احساس بخشنے والے تھے۔ اپنی فلموں کی تشہیر کے دوران عالیہ نے بالخصوص پھولدار اور ہلکے پھلکے ملبوسات پہنے۔ البتہ فلم فیئر ایوارڈز کی تقریب میں انہوں نے بطور خاص خوبصورت کام والا گائون پہنا تھا۔ عالیہ کا سہل انداز اور ہلکا میک اَپ، اب ان کی پہچان بن چکا ہے جس میں وہ سب سے الگ دکھائی دیتی ہیں تاہم وہ اس گُر سے بخوبی واقف ہیں کہ ضرورت پڑنے پر کس طرح ایک سادہ سی کالج گرل سے ایک فیشن آئی کون کے روپ میں خود کو ڈھالا جاتا ہے۔

کرینا کپور: گلابی رنگت اور متناسب سراپا کی حامل کرینا کپور خان کا اسٹائل کبھی فیشن سے آئوٹ نہیں ہوتا۔ خواہ وہ کوئی مغربی ڈریس پہننے کا معاملہ ہو یا روایتی مشرقی ملبوس، ملک بھر کی خواتین کرینا کے اسٹائل سے ہی رہنمائی حاصل کرتی ہیں۔ رواں سال کے دوران کرینا نے چند اس قدر خوشنما ملبوسات زیب تن کئے کہ ہر طرف ان کا چرچا ہوگیا۔ ایوارڈز کی تقاریب میں پہنے جانے والے پُرتکلف اور شاندار ملبوسات سے لے کر عام سی جینز تک، ’’بیگم خان‘‘ کا ہر انداز فیشن کے معیار پر پورا اترتا دکھائی دیتا ہے۔
سونم کپور: بولی وڈ میں ’’فیشن کوئین‘‘ کا لقب پانے والی سونم کپور اتنی سہولت اور اعتماد کے ساتھ نت نئے فیشن اپناتی ہیں کہ ہر اسٹائلسٹ ان کے لئے کام کرنا پسند کرتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ فیشن کے معاملے میں انہوں نے ہمیشہ شائقین کے ساتھ ماہرین کی داد بھی سمیٹی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ عرصہ پہلے جب وہ دلہن بن کر پیا گھر سدھاریں تو اس موقع پر ان کا روپ قابلِ دید تھا۔ سو، خواہ وہ ریڈ کارپٹ پر سونم کا مخصوص اسٹائل ہو یا کانز فلمی میلے کے موقع پر ان کا مشرقی ملبوس، اس معاملے میں وہ خاص سمجھ بوجھ رکھتی ہیں۔ سونم اسی خوبی کی بدولت نہ صرف ملکی بلکہ غیرملکی ڈیزائنرز کی بھی پسندیدہ سلیبریٹی ہیں۔
رنویر سنگھ: مردوں کے فیشن کا ذکر آئے تو اس صف میں رنویر سنگھ سب سے آگے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا اسٹائل نہ صرف جاذبِ نظر بلکہ منفرد بھی ہے۔ ان کی عادت ہے کہ وہ مروجہ فیشن سے ہٹ کر اپنا اسٹائل ترتیب دیتے ہیں اور پھر تمام نوجوان ان کی تقلید میں وہی فیشن اپنائے نظر آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بولی وڈ میں انہیں ’’فیشن کنگ‘‘ کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ ان کی خصوصیت ہے کہ وہ کوئی بھی لباس پہن لیں، اپنے اعتماد کی بدولت ہمیشہ ممتاز نظر آتے ہیں۔ فیشن کے ضمن میں نت نئے تجربات کرنے کے باعث انہیں بولی وڈ میں ’’لیڈی گاگا کا مردانہ روپ‘‘ بھی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ کبھی کبھار وہ اپنے انوکھے لباس کی بدولت سب کیلئے مرکز نگاہ بن جاتے ہیں۔ فلم فیئر ایوارڈز کی تقریب میں پہنی جانے والی خوشنما جیکٹ سے لے کر ایک اور تقریب میں پہنی جانے والی چمکیلے سبز رنگ کی دھوتی تک، رنویر رواں سال کے دوران متواتر موضوعِ گفتگو بنے رہے ہیں۔
رنبیر کپور: تنوع اور جدت، رنویر کے اسٹائل کا خاصہ ہے۔ قریبی دوستوں کرن جوہر اور عالیہ بھٹ کے بیان کے مطابق وہ شاپنگ کے بے حد رسیا ہیں اور خریداری کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ یہ الگ بات ہے کہ صرف بہترین چیزیں ہی ان کا انتخاب بنتی ہیں اور بین الاقوامی شہرت کے حامل ڈیزائنرز بھی بہت کم ان کے معیار پر پورے اُترتے ہیں۔ ملبوسات کے معاملے میں ان کی پسند ملی جلی دکھائی دیتی ہے، تاہم عام سے لے کر خاص ملبوسات تک، ہر انداز ان کی شان میں اضافہ کرتا دکھائی دیتا ہے لیکن لباس کی تراش خراش کے معاملے میں وہ کوئی سمجھوتا نہیں کرتے۔ رنویر سنگھ سے ان کا موازنہ کیا جائے تو دونوں کا اسٹائل ایک دوسرے سے یکسر مختلف دکھائی دیتا ہے، تاہم اس کے باوجود رنبیر بھی کچھ کم اسٹائلش نہیں۔
شاہد کپور: دوسروں کی مانند گزرتے وقت کے ساتھ شاہد کپور کے اسٹائل میں بھی تبدیلیاں آئیں لیکن ان کی متناسب جسامت کے باعث جہاں ہر لباس ان پر سجتا ہے، وہیں ان کی روشن مسکراہٹ بھی ہر ایک کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتی ہے۔ بلکہ کبھی کبھار تو ایسا ہوتا ہے کہ ان کے چہرے سے نظر ہٹا کر یہ دیکھنا مشکل ہوجاتا ہے کہ انہوں نے کیا پہن رکھا ہے، تاہم اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ملبوسات کے معاملے میں ان کا انتخاب لاجواب ہوتا ہے۔ ان کا ہر لباس نہ صرف آرام دہ ہوتا ہے بلکہ اس کی تراش خراش بھی بےحد عمدہ ہوتی ہے۔ شادی کے بعد سے شاہد کپور کے اسٹائل میں خاصی تبدیلی آئی ہے اور یہ اندازہ لگانا دشوار نہیں کہ اس کا سہرا کس کے سر جاتا ہے۔