November 12, 2018
خوشبو کے رنگ اور سردی کی رت

خوشبو کے رنگ اور سردی کی رت

شادی بیاہ اور مہندی مایوں کی تقریبات میں اپنے اردگرد کھڑی خواتین کا سرسری جائزہ لیں تو آپ پر یہ حقیقت کھل کر واضح ہوجائے گی کہ اوپن ائیر تقریب گاہ میں بھی اب موٹے موٹے سوئٹرز اور کوٹ پہننے کی زحمت صرف قدامت پسند اور پرانی سوچ کی بزرگ خواتین تک ہی محدود دکھائی دیتی ہے، نئے دور کی ڈیجیٹل اور اینڈروائڈ خواتین کو اگر بہت سردی لگے تو وہ ہلکی سی شال کا سہارا ضرور لے لیتی ہیں، مگر وہ بھی ہر کسی کے لیے ضروری نہیں۔ ہاں نیو فیشن آرڈر میں موسم سرما کے لیے فل سلیوز یعنی پوری آستینوں والی شرٹس ضرور اِن ہیں۔ مگر یہ بھی ضروری نہیں ہیں، اگر آپ کو لگتا ہے کہ سردی میں تھوڑا سا ٹھٹھر لینے کے عوض آپ ’’سلیو لیس‘‘ لک افورڈ کرسکتی ہیں تو آپ منفرد نظر آنے کے لیے اپنے درزی کو واضح الفاظ میں بتادیں کہ ماسٹر صاحب! ’’آستینیں مت رکھیے گا‘‘ پھر یہ تو آپ کی چوائس ہے کہ آج کل اضافی آستینیں بھی دستیاب ہیں۔ جن کے بارڈر پر قماش قماش کے ڈیزائن بنے ہوئے ہیں۔ یہ آپ کی چوائس ہے کہ اس میں سے کوئی بھی ڈیزائن سلیکٹ کرواکے آستینیں بھی بنوالیں اور جب مرضی ہو، اپنے سلیولیس جوڑے کو، آستینوں سے مزین کرلیں، میچنگ کا موڈ ہو تو میچنگ بھی اِن ہے اور کنٹراسٹ کی خواہش ہو تو سینکڑوں آپشن، کسی باندی کی طرح آپ کے سامنے دست بستہ کھڑے دکھائی دیں گے۔
ملک بھر میں سردی کے موسم نے ڈیرے ڈالنا شروع کردیئے ہیں۔ سردیوں کے پکوان کی خوشبوئوں کے ساتھ ساتھ موسم سرما کے ملبوسات نے بھی چار سو اپنے رنگ بکھیرنا شروع کردیئے ہیں، کسی کو شادیوں کے سیزن میں، برائنڈل ویئر اور پارٹی ڈریسز کی فکر ہے تو کوئی روز مرہ استعمال اور دفاتر میں پہننے کے لیے جدید فیشن کے ایسے کپڑوں کی تلاش میں ہے جو تن پر بھی بھلے معلوم ہوں اور جیب پر بھی بھاری نہ پڑیں۔ مارکیٹ میں ڈیزائنرز کی جانب سے ہر ذوق کی تکمیل اور ہر طبقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سے ایک برانڈد ستیاب ہوچکاہے۔ مشہور ڈیزائنرز نے اس مرتبہ بھی سردیوں کی مناسبت سے گہرے رنگوں کو اپنی کلیکشن کا حصہ بنایا ہے مگر نیو فیشن آرڈر کے تحت اب یہ کوئی حتمی کلیہ نہیں رہ گیا کہ سردی میں صرف گہرے رنگوں والے موٹے موٹے فیبرکس سے مزین ملبوسات ہی پہننا ضروری ہیں۔
سندر دکھائی دینے کے لیے کسی بھی موسم میں آپ کسی خاص رنگ، مخصوص اسٹائل یا پرنٹ کی محتاج نہیں رہیں۔ اس آسانی کے لیے آپ کو فیشن پنڈتوں کو داد دینا چاہئے جنہوں نے یخ بستہ ہوائوں کے ہوتے ہوئے بھی آپ کو آزادی دے رکھی ہے کہ آپ اپنی رنگت اور جسامت سے میل کھاتے ہوئے، رنگوں کے کپڑے پہن کر، بڑی سے بڑی محفل میں بھی جان محفل بننے کی حقدار بن چکی ہیں۔ ویسے بھی اپنے آپ کو نمایاں رکھنے کیلئے آج کل خواتین موسم کی تلخیوں کو کڑوا گھونٹ سمجھ کر برداشت کرلینے کی عادی ہوچکی ہیں۔
خوشبوئوں کے رنگوں میں سردیوں کی رُت آئی ہے، دل کھول کر فیشن کریں، من بھائے رنگ پہنیں اور جگ بھاتی بن جائیں۔ ہاں ایک پہلو کو نظرانداز مت کیجئے گا، ملبوسات کے انتخاب پر اور ان کی تیاری پر اتنی توجہ نہ دیں کہ آپ کو اپنے میک اپ، ہیئر اسٹائل، جیولری اور جوتوں کی ڈیزائننگ کا خیال تب آئے، جب آپ پوری طرح تیار ہونے کے بعد تقریب میں جانے کے لیے بس روانہ ہورہی ہوں اور شیشے کے سامنے اپنا آخری بنائو سنگھار کرتے ہوئے آپ کو یہ افسوس رہ جائے کہ کاش! اس جوڑے پر میں نے ایسا ہیئر اسٹائل بھی بنوالیا ہوتا، ایسی جیولری، ایسا میک اپ اور ایسے جوتے بھی ہوتے تو کیا ہی اچھا ہوتا…!
تھوڑا کہیے کو بہت جانئے گا اور خوب سج سنور کر جایئے گا، ہوسکتا ہے آج کوئی خاص نظر بھی آپ کی منتظر ہو۔