November 12, 2018
سنگاپور تا نیویارک، شہری ہوابازی کی تاریخ کی طویل ترین پرواز

سنگاپور تا نیویارک، شہری ہوابازی کی تاریخ کی طویل ترین پرواز

گزشتہ دنوں شہری ہوابازی کی تاریخ کا ایک نیا باب اس وقت رقم ہوا، جب سنگاپور ایئر لائنز کا طیارہ سنگاپور سے طویل ترین مسافت طے کرکے امریکی شہر نیویارک کے ہوائی اڈے پر اترا۔ یہ دنیا کی طویل ترین نان اسٹاپ پرواز تھی۔ واضح رہے کہ سنگاپور سے نیویارک تک کی مسافت 15000 کلومیٹر سے زائد ہے اور یہ فاصلہ تقریباً 19 گھنٹے میں طے کیا گیا۔ اتنی طویل پرواز کیلئے مسافروں نے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر پہلے ہی تیار کرلیا تھا۔ سنگاپور ایئر لائنز نے اس پرواز کے مسافروں کیلئے خاص طور پر ایسے آرگینک کھانوں کا اہتمام کیا تھا، جو طویل سفر کے دوران مسافروں کے پیٹ میں گیس پیدا نہ کریں، علاوہ ازیں مسافروں کو شراب کی بھی محدود مقدار ہی دی گئی۔ اس پرواز کے عملے میں دو پائلٹس اور ایک فرسٹ آفیسر کے علاوہ 13رکنی کیبن کریو بھی شامل تھا۔
جہاں تک دیگر طویل فلائٹ روٹس کا تعلق ہے تو آسٹریلیا کی کنٹاس ایئرویز نے رواں سال پرتھ سے لندن تک اپنی17 گھنٹے پر مشتمل نان اسٹاپ پرواز کا آغاز کیا تھا جبکہ قطر ایئرویز آکلینڈ سے دوحہ تک ساڑھے 17 گھنٹے کی نان اسٹاپ پرواز چلا رہی ہے۔ سنگاپور ایئرلائنز کے مطابق سنگاپور۔ نیویارک نان اسٹاپ روٹ پر چلنے والی پروازوں میں اکانومی کلاس نہیں ہوگی۔ بزنس کلاس کے مسافروں کو دو وقت کا کھانا، جب وہ چاہیں گے، ملے گا اور مشروبات دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ آرام کے لیے انہیں بستر کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ پریمیئم اکانومی کے کرائے میں تین وقت کا کھانا مقررہ وقت پر مشروبات کے ساتھ فراہم کیا جائے گا۔ اس روٹ پر سنگاپور ایئرلائنز بالکل نئے ایئربس A350-900 (الٹرا لانگ رینج) طیارے استعمال کرے گی، جن میں 161 مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے۔ ان میں 67 بزنس کلاس مسافر اور 94 پریمیئم اکانومی کلاس کے مسافر ہوں گے۔ A350 طیارے بوئنگ کی پرانی777 سیریز کے متبادل کے طور پر تیار کیے گئے ہیں اور 777 سیریز کے جہازوں کے مقابلے میں 20 سے 30 فیصد کم تیل خرچ کرتے ہیں۔ ان کی چھتیں اونچی اور کھڑکیاں بڑی ہیں اور روشنیاں ایسے انداز میں ڈیزائن کی گئی ہیں کہ اس سے جیٹ لیگ بھی کم ہوتا ہے۔ سنگاپور ایئر لائنز نے ’’ایئربس‘‘ سے جو الٹرا لانگ رینج ورژن خریدا ہے، وہ موجودہ دور میں طویل پرواز کرنے کی سب سے زیادہ اہلیت رکھتا ہے۔ یہ 20 گھنٹے نان اسٹاپ پرواز کرسکتا ہے۔ ایوی ایشن کے ماہرین کے مطابق جب کوئی فضائی کمپنی نیا نان اسٹاپ روٹ متعارف کراتی ہے تو اس روٹ پر ایئر ٹریفک تین گنا بڑھ جاتا ہے۔ شمالی بحرالکاہل کے روٹ سے سنگاپور اور نیویارک کے مابین سفر15341 کلومیٹر طویل ہے لیکن پرواز کا دورانیہ اور مسافت، ہوا کے رخ اور موسمی اثرات سے ہونے والی تبدیلیوں کی مناسبت سے تبدیل ہوسکتی ہے۔