November 19, 2018
ھیئر اسٹائل ایسے بنائیے

ھیئر اسٹائل ایسے بنائیے

دلکش اور دلفریب ہیئر اسٹائل آج کل ہر عمر کی خواتین میں مقبول ہیں، وہ اپنی پسند کے مطابق، کوئی مخصوص ہیئر اسٹائل اپنا لیتی ہیں اور یوں زلفیں سنبھالنا، ان کی حفاظت کرنا، مشکل کام نہیں رہتا۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ لمبی زلفیں سنبھالنا محنت کا کام ہے، اکثر لڑکیاں، ان کو سنبھالنے کی پریشانی سے بچنے کے لیے اپنے بال ہی کٹوا دیتی ہیں لیکن سہیلیو، ان کو سنوارے رکھنے کا ایک بہترین طریقہ چوٹی بنانابھی تو ہے۔ آپ کے بال کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں، اگر ایک خوبصورت اور نفیس سی چوٹی گوندھ لی جائے تو بتائیے کیا یہ آپ کی شخصیت کو سجا نہیں دے گی؟ آج ہم آپ کے لیے ایسا ہی ایک ہیئر اسٹائل لے کر آئے ہیں، جو نہ صرف آپ کو بال سنوارے رکھنے کا موقع دے گا، بلکہ سردی کے موسم میں خشک اور خنک ہوا سے روکھے ہوجانے والے بال بھی سمٹے نظر آئیں گے۔ اس منفرد ہیئر اسٹائل کا نام Mermaid Braidہے، یعنی جل پری چوٹی۔ اب یوں تو جل پری ایک افسانوی کردار ہے لیکن یقین جانئے جب آپ اس چوٹی کو اپنالیں گی تو کسی افسانوی کردار سے کم نہیں لگیں گی۔ یہ چوٹی چھوٹے بالوں پر بھی بنائی جاسکتی ہے لیکن ہمارا مشورہ ہے کہ لمبے گھنے بالوں کی مالک لڑکیاں اس کو اپنائیں، بال جتنے لمبے ہوں گے، یہ اسٹائل اتنی ہی خوبی سے واضح ہوسکے گا۔

 

سب سے پہلے بالوں کو خشک کیجئے، آپ کے بال ریشمی ہوں یا گھنگھریالے، پہلے ان کو بلو ڈرائی کر لینا بہتر ہوگا، اس طرح بال سیدھے اور سیٹ ہوجائیں گے اور ان سے چوٹی بنانا آسان ہوگا۔

 

اب بالوں کو تین حصوں میں بانٹ لیجئے، جیسا کہ تصویر میں دکھایا گیا ہے، تین حصے علیحدہ رکھنے کے لیے بہتر ہے کہ سائیڈ کے دونوں حصوں کو ربر بینڈ یا ہیئر بینڈ کی مدد سے باندھ لیا جائے۔

 

خیال رہے، آپ بیچ کی مانگ پسند کرتی ہوں یا سائیڈ کی، اس کے مطابق بال بلو ڈرائی کرنا ہوگا۔ اب درمیان والے حصے کو عام چوٹی کی شکل میں باندھ لیں اور آخر میں ربر بینڈ لگادیں۔

 

اب بقیہ دونوں حصے بھی چوٹی کی شکل میں باندھ لیں۔ جل پری چوٹی تین چوٹیوں کو ملا کر باندھنے کا نام ہے، اس میں درمیان والی چوٹی میں سائیڈ کی دو پتلی چوٹیاں، بل کے درمیان ڈال کر ایک ساتھ باندھ لی جاتی ہے، آپ کو فرینچ چوٹی بنانا آتی ہو تو اسے بھی چوٹی کے آخر میں بنایا جاسکتا ہے۔

 

اب ان تینوں کو ایک ساتھ درمیان والی چوٹی میں گوندھ لیجئے، ایسے کہ تینوں، درمیان والی چوٹی کے بل کے درمیان سے گزر کر ایک ساتھ نیچے بندھ جائیں، اب آخر میں ربر بینڈ لگائیں۔

 

آخر میں بالوں کی چوٹی میں ڈالے گئے بل، کھینچ کر کچھ ڈھیلے کرلیں تاکہ جل پری چوٹی کا انداز خوبی سے واضح ہوسکے۔ سامنے کے ریشمی لہریہ دار بال ، اس انداز کو مزید خوبصورت بنادیں گے، آپ یہ چوٹی عام دنوں کے علاوہ اہم تقاریب میں بھی اپنا سکتی ہیں۔