November 19, 2018
دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ

پاسپورٹ کو دنیا بھر میں کسی بھی شخص کی شناختی دستاویز کی حیثیت حاصل ہوتی ہے اور یہی اس کا ثبوت ہوتا ہے کہ وہ کس ملک کا شہری ہے۔ ’’پاسپورٹ انڈیکس‘‘ نامی ویب سائٹ دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی ایک فہرست جاری کرتی ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ کس ملک کے پاسپورٹ پر کتنے زیادہ ملکوں کا ویزے کے بغیر سفر کیا جاسکتا ہے یا پھر وہ پاسپورٹ رکھنے والے کو ایئرپورٹ پر آمد کے موقع پر ہی ویزا جاری کیا جاسکتا ہے۔ یہ ویب سائٹ ویزے سے استثنیٰ یا ویزا قوانین میں تبدیلیوں کو مسلسل اَپ ڈیٹ کرتی رہتی ہے۔ تازہ ترین ’’گلوبل پاسپورٹ پاور انڈیکس‘‘ کے مطابق دنیا بھر میں طاقتور ترین پاسپورٹ ایک ایشیائی ملک سنگاپور کا ہے، جس پر ویزے کے بغیر 127 ملکوں کا سفر کیا جاسکتا ہے جبکہ 38ملکوں میں ایئرپورٹ پر ہی ویزا جاری کیا جاسکتا ہے، تاہم 33ممالک کیلئے ویزے کا پیشگی حصول ضروری ہے، جرمنی نے بھی سنگاپور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، جس کے پاسپورٹ پر ویزے کے بغیر 126 ملکوں کا سفر کیا جاسکتا ہے۔ دوسری پوزیشن ڈنمارک، سوئیڈن، فن لینڈ، لکسمبرگ، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز، اسپین، ناروے، جنوبی کوریا اور امریکا نے مشترکہ طور پر حاصل کی ہے جبکہ تیسری پوزیشن پر بلجیم، آسٹریا، جاپان، یونان، پرتگال، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، آئرلینڈ، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات براجمان ہیں۔ چوتھی پوزیشن لینے والے ملکوں میں چیک ری پبلک اور ہنگری شامل ہیں جبکہ مالٹا، آئس لینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
بھارت نے 66ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے، جس کے پاسپورٹ پر ویزے کے بغیر 25 ملکوں  کا سفر کیا جاسکتا ہے، 41ممالک میں ایئر پورٹ پر ہی ویزا حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ 132ملکوں میں جانے کیلئے پیشگی ویزا حاصل کرنا ضروری ہے۔
گلوبل پاسپورٹ پاور رینکنگ میں پاکستان نے تیسری پوزیشن لی ہے لیکن بدقسمتی سے اوپر سے نیچے کے بجائے نیچے سے اوپر کی جانب۔ آسان لفظوں میں یوں سمجھ لیجئے کہ پاکستانی پاسپورٹ دنیا بھر میں تیسرا کمزور ترین پاسپورٹ ہے، جس پر ویزے کے بغیر صرف 8ملکوں کا سفر کیا جاسکتا ہے، 28ملکوں کا ویزا ایئرپورٹ پہنچ کر حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ 162ممالک کے سفر کے لئے ویزے کا پیشگی حصول ضروری ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ کی گلوبل رینکنگ 92 ہے، صرف دو ممالک ہی پاکستان سے پیچھے ہیں، کمزور ترین پاسپورٹ افغانستان کا ہے، جس پر ویزے کے بغیر محض5 ملکوں کا سفر کیا جاسکتا ہے، 26ملکوں کا ویزا وہاں کے ایئرپورٹ پر پہنچ کر لیا جاسکتا ہے جبکہ 167 ملکوں کا ویزا پیشگی حاصل کرنا لازم ہے۔ دوسرا کمزور ترین پاسپورٹ عراق کا ہے، جس پر ویزے کے بغیر 7ملکوں کا سفر کیا جاسکتا ہے، 27ملکوں کا ویزا وہاں پہنچ کر ایئرپورٹ پر لیا جاسکتا ہے جبکہ 164ملکوں کا پیشگی ویزا حاصل کرنا ضروری ہے۔ عراق کی گلوبل رینکنگ 93اور افغانستان کی 94ہے۔ جنگ زدہ ملکوں شام (91)، یمن (89) اور خانہ جنگی، قحط اور پابندیوں سے متاثرہ ملکوں صومالیہ(90)، ایران (88)، سوڈان(87) اور لبنان(86) کے پاسپورٹ بھی پاکستانی پاسپورٹ سے زیادہ طاقتور ہیں۔ بنگلادیشی پاسپورٹ کی گلوبل رینکنگ 86ہے۔