November 26, 2018
آن لائن شاپنگ کا نیا ریکارڈ

آن لائن شاپنگ کا نیا ریکارڈ

دنیا بھر میں آن لائن خریداری کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ آن لائن شاپنگ کے میدان میں امریکا اور چین کی بڑی کمپنیاں مد مقابل ہیں۔ تاہم چین کی آن لائن بزنس کمپنی علی بابا نے آن لائن بزنس میں اس قدر ترقی کرلی ہے کہ گزشتہ دنوں اس کمپنی نے خود اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔ علی بابا نے سنگل ڈے کے موقع پر صرف 16 گھنٹوں کے دوران 25؍ارب ڈالرز (کم و بیش 33کھرب پاکستانی روپے) کا بزنس کرتے ہوئے آن لائن شاپنگ کے شعبے میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اسی طرح علی بابا نے دو گھنٹے کے دورانیے میں 14؍ارب ڈالرز (پاکستانی 15کھرب روپے سے زائد) کا بزنس کیا تھا۔ علی بابا نے گزشتہ برس بھی سنگل ڈے کے موقع پر 24گھنٹوں کے اندر 25؍ارب ڈالرز کمائے تھے، لیکن اس بار کمپنی نے یہ سنگ میل 16گھنٹوں میں عبور کرلیا۔ یہ علی بابا کا اپنے بانی اور چیئرمین جیک ما کے ساتھ آخری شاپنگ فیسٹیول تھا کیونکہ وہ اگلے سال اپنا عہدہ چھوڑنے کا پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں۔
ویسے تو سنگلز ڈے چین کے نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہوتا ہوا تہوار ہے، جس میں اکیلے یا کنوارے پن کی خوشی منائی جاتی ہے۔ تاہم اب یہ چین سمیت دنیا بھر میں شاپنگ کا اہم تہوار بن گیا ہے اور اسے دنیا میں سب سے بڑا آن لائن شاپنگ فیسٹیول کا اعزاز بھی مل گیا ہے۔ سنگل ڈے تہوار کا آغاز 1993 ء میں نانجنگ یونیورسٹی سے ہوا تھا جس کے بعد نوے کی دہائی میں یہ اس صوبے کی متعدد یونیورسٹیوں میں منایا جانے لگا۔ تاہم 2009 ء میں علی بابا نے اس تہوار کو کاروباری موقع سمجھا اور اسے غیر سرکاری تعطیل کی شکل دے کر آن لائن اشیاء سستے داموں فروخت کرنا شروع کی۔ علی بابا نے سنگل ڈے کے موقع پر صارفین کو بزنس کی تفصیلات سے باخبر رکھنے کے لیے آن لائن بلاگ پوسٹ کا اہتمام کیا۔ علی بابا کے اس شاپنگ فیسٹیول نے یورپ اور امریکا میں منائے جانے والے بلیک فرائیڈے فیسٹیول کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سنگل ڈے کی طرز پر امریکا، یورپ و دنیا کے دیگر خطوں میں نومبر کے مہینے میں ہی بلیک فرائیڈے منایا جاتا ہے۔