November 26, 2018
بھنویں ، آنکھوں کے حسن کی ضامن

بھنویں ، آنکھوں کے حسن کی ضامن

بہترین انداز میں آئی برائو سیٹ کرنا آسان کام نہیں لیکن ایک بار یہ کام ہوجائے تو یقیناً اس کی دیکھ بھال آسان ہے۔ چہرے کی ساخت کے مطابق، آئی برائو بنائی جاتی ہے اور ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہ کام درست انداز میں کر لیا جائے تو چہرہ اور اس کے نقوش زیادہ بہتر انداز میں واضح ہو سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے خواتین کے میک اَپ میں آئی برائو کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ اگر آپ کو محسوس ہو کہ آپ کے چہرے کی مناسبت سے، آئی برائو کا انداز درست نہیں تو ہمارا مشورہ ہے کہ کسی معیاری سیلون کی آئی برائوز ایکسپرٹ سے رابطہ کریں، وہ اس سلسلے میں آپ کی مشکل کو حل کرنے کا بہترین طریقہ تجویز کرسکیں گی۔
بیوٹی ایکسپرٹ کے مطابق، ’’آئی برائو خراب تب ہوتی ہے جب ان کے قدرتی انداز کو یکسر تبدیل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اگر کسی خاتون کی قدرتی طور پر گول آئی برائوز ہیں تو اس کو چھانٹ کر پتلی اور ترچھی کرنے کی بجائے، کوشش کرنا چاہیے کہ ایسا انداز اپنایا جائے جو اس قدرتی انداز کو ہی مزید خوبصورت بنادے۔ اس سلسلے میں آئی برائو فلرز کی مدد لی جاسکتی ہے تاکہ آئی برائو کو خوبصورتی سے سیٹ کیا جاسکے۔‘‘
گول چہرے کے لیے:ترچھی اور تیکھی آئی برائوز اس چہرے پر خوب جچتی ہے۔ آج کل یوں تو کسی کے لیے بھی باریک آئی برائو اپنانا اچھی بات نہیں لیکن گول چہرے پر تو یہ بہت ہی بُرا تاثر پیش کریں گی۔ اونچی اور ترچھی آئی برائو، گول چہرے کو خوبصورت لمبائی عطا کرے گی اور آپ کے چہرے کا ہر نقش خوبی سے ظاہر ہوسکے گا۔ اپنی آئی برائو کو بھرپور ظاہر کرنے کے لیے برائون آئی برائو پینسل کا استعمال کیجئے۔ اس طرح بھنوئوں کے بالوں کے درمیان موجود خالی جگہ بھر جائے گی اور آئی برائو گہری اور بھرپور بھی نظر آنے لگے گی۔
چوکور یا مستطیل چہرے کے لیے:اس قسم کے چہرے کی مالک خواتین کی Jawline، ان کے چہرے کے واضح ترین نقوش میں سے ایک ہوتی ہے۔ اس لیے اگر ایسے چہرے کی مالک خواتین اپنی آئی برائو بھی چوکور شکل میں ترتیب دینے لگیں تو ممکنہ طور پر خاتون کا چہرہ اور اس کے نقوش سے سختی ظاہر ہونے لگے گی۔ ایسی خواتین کو چاہئے کہ وہ گہری اور بھری بھری آئی برائو کو تکونی انداز میں ترچھا نہ کریں بلکہ ایسا انداز اپنائیں کہ اس میں گولائی کا عنصر نمایاں ہو، اس طرح ان کا چوکور اور مستطیل چہرہ نرم و نازک نقوش کے ساتھ دلفریب خوبصورتی کا مالک نظر آئے گا۔ چوکور چہرے کے ساتھ آنکھیں بڑی بڑی ہوں تب Softer Arch اور بھی زیادہ خوبصورت نظر آنے لگتی ہے۔ یہ دھیان بھی رہے کہ آئی برائو بہت زیادہ پتلی یا بہت زیادہ موٹی نہ ہو۔
دل شکل کا چہرہ اور آئی برائو کا انداز:ایسا چہرہ جس کی ساخت دل جیسی ہو، بہترین چہرہ کہلاتا ہے اور اسی لیے ایسے چہرے کو میک اَپ کے ذریعے سجانا سنوارنا، کسی بھی ماہر بیوٹی آرٹسٹ کے لیے آسان ترین ہے۔ اس کے باوجود اکثر خواتین، جو کہ اپنے چہرے کی ساخت اور اس کی اہمیت سے واقف نہیں ہوتیں، غلط آئی برائو شیپ کے ساتھ، اپنا لُک خود ہی متاثر کرلیتی ہیں۔ آپ کے لیے بہترین انداز یہ ہے کہ نیچی اور گول آئی برائو اپنائی جائے۔ اس انداز کو اپنانے سے ان کی ٹھوڑی بہت زیادہ واضح نہ ہو گی اور چہرے کو ایک نرم اور نازک تاثر ملے گا۔
لمبوترا چہرہ:ایسے چہرے کی مالک خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی بھنوئوں کو کچھ ایسے انداز میں سجائیں کہ ان کے چہرے کی لمبائی مناسب انداز میں واضح ہوسکے لیکن ساتھ ہی چہرہ نازک اور نین نقش تیکھے بھی نظر آئیں۔ آپ کے لیے گول آئی برائوز بہتر انتخاب ہوگا البتہ ان کی لمبائی آنکھوں کے کنارے سے کچھ زیادہ ہونا بہتر ہے۔ لکیر اتنی زیادہ لمبی بھی نہ کھینچ دیجئے کہ آئی برائوز آنکھوں کے کنارے سے بہت آگے بڑھی ہوئی نظر آنے لگے اور آنکھوں کی ساخت متاثر ہوجائے۔
دھیان رکھنے کی باتیں:
٭آئی برائو کے بال بڑھانے کے لیے کیسٹر آئل استعمال کیجئے۔
٭آئی برائو پینسل استعمال کرنے کا درست طریقہ یہ ہے کہ ہلکے کتھئی یا سیاہ رنگ کی پینسل کو بھنوئوں کے دونوں کناروں سے باری باری لگانا شروع کیا جائے اور اختتام درمیان میں ہو۔ اگر پینسل کو آئی برائو سیٹ کرنے کے لیے درمیان سے لگانا شروع کریں گی تو آپ کی بھنوئوں کا شیپ متاثر ہو سکتا ہے۔
٭مشرقی خواتین عام طور پر سانولی اور گندمی رنگت کی مالک ہوتی ہیں، ان کے لیے ماہر بیوٹی ایکسپرٹس کا مشورہ ہے کہ کتھئی آئی برائو پینسل استعمال کریں۔ یہ رنگ سیاہ آئی برائو پینسل کے مقابلے میں آپ کی رنگت کے لیے زیادہ بہتر ثابت ہو گا۔
٭میک اپ مکمل ہونے کے بعد آئی برائو برش کی مدد سے بھنویں ضرور سیٹ کیجئے۔
٭اگر آپ کی بھنویں سخت، گھنی اور اڑی اڑی سی رہتی ہیں اور آپ کے پاس ان کو سجانے، سیٹ کرنے کا وقت نہیں تو بس پیٹرولیم جیلی کی تھوڑی سی مقدار اس پر لگا کر انگلی کی مدد سے سیٹ کرلینا بھی کافی ہوگا اور آپ کی بھنویں مناسب انداز میں سیٹ نظر آنے لگیں گی۔
٭اکثر خواتین سوال کرتی ہیں کہ بھنویں بنوانے کے درمیان کتنا وقفہ ہونا چاہئے، بیوٹی ایکسپرٹس کا مشورہ ہے کہ خواتین کو اپنی آئی برائو ہر پندرہ دن بعد سیٹ کروالینا چاہئے، البتہ اگر آپ کی آئی برائوز بڑھنے کی رفتار سست ہے اور اس کے بال بھی زیادہ گھنے نہیں، تو آپ ہر ایک ماہ بعد یہ کام کرواسکتی ہیں۔
٭آئی برائو بنوانے کے بعد اکثر خواتین تکلیف اور باریک سرخ دانوں کا سامنا کرتی ہیں، اس صورتحال سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ متاثرہ جگہ پر ایلوویرا جیل لگائیں، یہ جلد کو آرام اور سکون پہنچانے میں مدد دے گا۔