November 26, 2018
باتیں کرتے ہیں آپ کے ناخن

باتیں کرتے ہیں آپ کے ناخن

سنا تھا کہ لوگ چہرے پڑھ لیتے ہیں۔ ارے وہ زمانہ پرانا ہوا، آج لوگ چہرے نہیں پڑھتے بلکہ آپ کے نازک سے ہاتھ پر لگی دلکش نیل پالش دیکھ کر اندازہ لگاتے ہیں کہ آپ کی شخصیت کے راز کیا ہیں۔ آپ کی صلاحیت کیا ہے اور آپ کس مزاج کی مالک ہیں، کیا آپ نیل پالش سے جھلکتے یہ راز جاننا چاہیں گی؟
سرخ نیل پالش:سرخ رنگ کی لپ اِسٹک ہو یا نیل پالش، دونوں ہی خاتون کی شخصیت میں چھپا گلیمر اور اسٹائل واضح کرنے کے لیے کافی ہے۔ وہ خواتین جو سرخ رنگ کی نیل پالش لگاتی ہیں، بولڈ، پُر اعتماد اور ہنس مکھ ہوتی ہیں، ان کو توجہ کا مرکز بننے سے خوف نہیں آتا بلکہ وہ تو اپنی دلفریب شخصیت کی وجہ سے ہمیشہ ہی محفل کی جان بنی رہتی ہیں۔ گہرے شیڈ مثلاً میرون یا برگنڈی کا انتخاب آپ کی شخصیت کو مزید دلفریب بنا سکتا ہے۔
نیوڈ شیڈ نیل پالش:یہ شیڈ بھی پُراعتماد شخصیت کا عکاس ہے، لیکن اس شیڈ کو پسند کرنے والی خواتین، سب کی توجہ کا مرکز بننا نہیں چاہتیں۔ ان کو اپنی شخصیت سے پیار ہوتا ہے۔ ان کے دل میں ایک شوخ و چنچل لڑکی چھپی ہوتی ہے لیکن وہ یہ بات سب سے چھپا کر رکھنا چاہتی ہے۔ فرینچ مینی کیور کروائیے اور اس کے ساتھ نیوڈ شیڈ اپنا لیجئے، سادگی میں گلیمرس ٹوئسٹ آجائے گا۔
سیاہ نیل پالش:ایک دو سال پہلے تک یہ شیڈ، بنجارا کلچر تک محدود تھا، لیکن پھر فیشن نے اس رنگ کو اپنا لیا اور آج یہ شیڈ ایسی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے جو روایتی اصول اور رواج کے بجائے فیشن کی دلدادہ ہیں۔ اپنی انفرادیت ظاہر کرنے چاہتی ہیں تو اس شیڈ کو اپنا لیجئے۔
شوخ رنگ کی نیل پالش:جیسا کہ رنگ سے ظاہر ہے، ان کو اپنانے والی شخصیت میں بھی شوخ و شرارت کی جھلک نظر آتی ہے۔ وہ خواتین جو گلابی، نارنجی، پیلی، نیلی اور سبز رنگ کی نیل پالش اپناتی ہیں، دراصل شوخ طبیعت اور دوستانہ مزاج کی حامل ہوتی ہیں۔ فنکارانہ سوچ کی مالک خواتین میں ان رنگوں کا استعمال عام ہے۔
سفید اور سرمئی:ماڈرن لڑکیاں جن کی نظر حال یا ماضی پر نہیں بلکہ مستقبل پر ہو، ان رنگوں کو اپناتی ہیں۔ سفید اور سرمئی نیل پالش، ہمیشہ آگے کی سوچنے والی، ٹھنڈے مزاج کی حامل، بردبار اور روشن خیال شخصیت کو ظاہر کرتی ہے۔
نیل پالش کے ساتھ فنکارانہ ڈیزائن:کیا ہر لڑکی اپنے ناخن پر نیل آرٹ بنوانا پسند کرتی ہے؟ نہیں! کیونکہ تمام خواتین فنکارانہ مزاج کی حامل اور جدید سوچ کی مالک نہیں ہوتیں۔ یہ تو کسی کریٔٹیو سوچ کی مالک لڑکی کا ہی کمال ہے کہ وہ ناخن جیسے چھوٹے سے حصے کو بھی مہارت سے سجانے کی کوشش کرے۔ ہم سب ایسا نہیں کرسکتیں۔ اسی لیے تو ہم کہہ رہے تھے، آپ کی نیل پالش آپ کی شخصیت کی عکاس ہے۔ اس کو محض رنگ نہ سمجھئے بلکہ کوشش کیجئے کہ مختلف انداز میں ان کو خوبی سے اپنایا جائے تاکہ آپ کی شخصیت کی بھرپور عکاسی ہوسکے۔