November 26, 2018
وومن ورلڈکپ اور پاکستانی ٹیم

وومن ورلڈکپ اور پاکستانی ٹیم

ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران اپنے تیسرے میچ میں بالآخر پاکستان کو پہلی کامیابی مل گئی۔ اس میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 38 رنز سے ہرا دیا۔ آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر101 رنز بناسکی۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو38 رنز سے ہرا دیا۔ آئرلینڈ مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 101رنز بناسکی۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 139رنز بنائے۔ میچ میں شاندار پرفارمنس دینے پر کپتان جویریہ خان وومن آف دی میچ قراردی گئی ہیں۔ کپتان جویریہ خان نے 52گیندوں پر 74رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی۔ جویریہ خان نے اپنی اننگ میں 11چوکے لگائے۔
ویمن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا میچ ہار گئی۔ ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ویمن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کے سفر کا آغاز اچھا نہ رہا۔ پروویڈنس میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس آسٹریلیا نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان علیسا ہیلی اور بیتھ مونی نے پہلی وکٹ پر 72 رنز کی شراکت قائم کی۔ ہیلی نے 28 گیندوں 48رنز بنائے، بیتھ مونی آؤٹ ہونے والی دوسری کھلاڑی تھیں جنہوں نے 39 گیندوں پر 48 رنز اسکور کیے۔ میگ لیننگ نے 34 گیندوں پر 41رنز کی اننگ کھیلی۔ مقررہ بیس اوورز میں آسٹریلین ٹیم نے 5وکٹوں کے نقصان پر 165رنز بنا ڈالے۔ پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض اور نشرح سندھو نے 2،2 وکٹیں لیں۔ 166رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 113 رنز تک ہی پہنچ پائی۔ بسمہ محروف 26، ثنا میر اور عمیمہ سہیل نے 20، 20 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے میگن شٹ اور جارجیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ علیسا ہیلی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے ایک اور میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دے کر جیت کا سہرا اپنے سر سجالیا۔ بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 133رنز بنائے اور بھارت کو 134رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں بھارت نے محض 3وکٹیں گنوا کر 19 اوورز میں ہی ہدف حاصل کرکے پاکستان کو شکست سے دوچار کر دیا۔ بھارت کی جانب سے اوپننگ کرتے ہوئے میتالی راج نے 47گیندوں پر 56رنز بناکر کیچ آوٹ ہوئیں اور نمایاں رہیں۔ سمرتی مندھانانے 28گیندوں پر 26 اسکور بنائے۔ بسمہ معروف کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئی۔ جمیما نے 21گیندوں پر 16رنز بنائے اور ندا ڈار کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئی جبکہ کپتان ہرمن پریت کور 14 رنز اور ویدا کرشنامورتی 8 اسکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔ اس سے قبل گرین شرٹس کی جانب سے خاتون اوپنر کھلاڑی عائشہ ظفر 6گیندیں کھیل کر بغیر کوئی اسکور کئے کیچ آوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں۔ کپتان جویریہ خان بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکیں اور 15گیندوں پر 17رنز بنا کر رن آوٹ ہوگئیں۔ عمائمہ سہیل بھی 6گیندوں پر 3اسکور بنا کر کپتان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے رن آوٹ ہو گئیں۔ بسمہ معروف 49گیندوں پر53رنز بنا کر ہما لتہ کی گیند پر کیچ ہو گئیں۔ ندا ڈار بھی 35گیندوں پر 52رنز بناکر ہما لتہ کی شکار بن گئیں۔ عالیہ ریاض 3گیندوں پر 4اسکور بنا کر اسٹمپ ہوئیں۔ ثنا میر 2گیندیں کھیل کر صفر اسکور پر اسٹمپ آوٹ ہوکر اپنی وکٹ گنوا بیٹھیں جبکہ ناہیدہ خان اور سدرہ نواز ناٹ آوٹ رہیں۔
ورلڈ ٹی 20 میں ویمن ٹیم کی جیت کی امید کم ہوتی جارہی ہے۔ چیف سلیکٹر نے ویمن کرکٹ میں ٹیلنٹ کی کمی کا رونا رو دیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم بنائی تو صرف تین یا چار کھلاڑیوں کو ہی جگہ ملے گی، لیکن تادم تحریر قومی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے اور وہ صرف ایک میچ جیت پائی ہے۔ پاکستان کو پہلے آسٹریلیا نے شکست دی اور پھر بھارت سے بھی ہارکا منہ دیکھنا پڑا۔
ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی لڑکیوں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ چیف سلیکٹر جلال الدین نے کہا ہے کہ پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم بنائی تو صرف 3 یا4 کھلاڑیوں کو ہی جگہ ملے گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ بھارت کے خلاف میچ جیت سکتے تھے۔ بولرز کو زیادہ بہتر پلان دینا چاہیے تھا۔