November 26, 2018
ملتان سلطان آؤٹ

ملتان سلطان آؤٹ

پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز ملتان سلطان پیسے نہ دے سکی۔ پی سی بی نے معاہدہ ختم کردیا، نئے مالکان کی تلاش شروع کردی گئی، خریدار نہ ملا تو بورڈ خود ہی ٹیم کو چلائے گا۔ اونچی دکان اور پھیکے پکوان، کے مصداق، پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز کی اننگز صرف ایک سیزن بعد ہی ختم ہوگئی، واجبات ادا کئے اور نہ ہی بینک گارنٹی دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رقم نہ ملنے پر ملتان سلطانز سے معاہدہ ختم کردیا۔ بورڈ کو فرنچائز کیلئے اب نئے مالکان کی تلاش ہے، اگر خریدار نہ ملے تو پی سی بی اس سال فرنچائز کو خود چلانے پر غور کررہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطان چھٹی ٹیم کے طور پر سامنے آئی تھی۔ فرنچائز نے پی ایس ایل تھری میں پہلی بار شرکت کی تھی۔ پی سی بی کے سی او او سبحان احمد کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز کا کنٹریکٹ قواعد کی خلاف ورزی پر منسوخ کیا گیا ہے۔ کراچی اور لاہور پی ایس ایل کے میچز کی میزبانی کرِیں گے، تیسرے شہر کا فیصلہ نہیں ہوا۔