November 26, 2018
شاہین آفریدی ایک نیا ’’بوم بوم‘‘؟

شاہین آفریدی ایک نیا ’’بوم بوم‘‘؟

شاہین شاہ آفریدی نے آتے ہی دنیائے کرکٹ میں دھوم مچادی ہے۔ یو اے ای کی وہ وکٹیں جہاں فاسٹ بولرز کو مدد نہیں ملتی، ان پر بھی شاہین شاہ آفریدی جس طرح تباہ کن بولنگ کراتے ہوئے حریفوں کی وکٹیں اُڑا رہے ہیں اور پاکستان کو میچز جتوا رہے ہیں، اس کا جواب نہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ساڑھے 6 فٹ قد کا شاہین شاہ آفریدی صرف حریف بیٹسمینوں کے ہی نہیں بلکہ پاکستان ٹیم کے بولرز کی دکان بھی بند کردے گا۔ سات ٹی 20 میچز میں 11بیٹسمین شکار کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کو انعام کے طور پر ون ڈے کیپ ملی تو انہوں نے وہاں بھی خود کو منوایا۔ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے شاہین کے سامنے کوئی بھی نہ ٹک سکا، محض 6 میچز میں انہوں نے 13شکار کئے جس کا صلہ انہیں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرکے دیا۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں عباس پاکستان کیلئے پہلے ہی بہترین بولنگ کر رہے ہیں اور اب جب سلیکٹرز نے وہاب ریاض کی ناقص پرفارمنس کے بعد انہیں ٹاٹا بائے بائے کردیا تو شاہین آفریدی، عباس کا ساتھ دینے کیلئے فیورٹ ہیں اور جس طرح انہوں نے خود کو ون ڈے اور ٹی 20 میں منوایا ہے، اسی طرح اگر ٹیسٹ میں اپنا سکہ جمانے میں کامیاب رہے تو پھر عامر سمیت دوسرے فاسٹ بولرز کیلئے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ واپس حاصل کرنا خاصا مشکل ہوجائے گا۔ 18 سالہ شاہین آفریدی نے ابھی تک محض 2 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں لیکن ان 2 میچز میں انہوں نے 12 شکار کرکے ثابت کردیا تھا کہ وہ لمبی کرکٹ کے بھی کامیاب بولر بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ شاہین آفریدی پاکستان کیلئے انڈر 19 کرکٹ بھی کھیل چکے ہیں اور پی ایس ایل میں بھی اپنا ایکشن دکھا چکے ہیں۔ شاہین کے بین الاقوامی کرکٹ کے اعداد و شمار دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ یہ آفریدی بھی بوم بوم کی طرح دھوم مچائے گا۔