November 26, 2018
احسان مانی، اعلانات اور انکشافات

احسان مانی، اعلانات اور انکشافات

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کہتے ہیں کہ پی سی بی میں 900سے زائد ملازمین ہیں، ملازمین کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا بورڈ ہے، اس لیے ہمیں بورڈ کے سسٹم اور گورننس میں بہتری لانا ہوگی۔ ایک نجی ادارے کو اپنے پہلے ٹیلیویژن انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین بنا تو بورڈ کا ماحول بہت اچھا نہیں تھا، بورڈ میں اسٹاف کا مورال گرا ہوا تھا، لوگوں کے فون ٹیپ ہونے کی اطلاعات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے تحت نجم سیٹھی کی تفصیلات جاری کیں، اب اپنے اخراجات کی رپورٹ بھی پیش کروں گا، نجم سیٹھی نے نوٹس بھیجا تھا، سچائی سامنے آجائے گی۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نجم سیٹھی کے الزامات بے بنیاد ہیں، وزیراعظم عمران خان سے بہتر کرکٹ کوئی نہیں جانتا، وہ کرکٹ کی بہتری چاہتے ہیں، سابق کھلاڑیوں کی رائے ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا بورڈ الگ ہونا چاہئے، سپر لیگ کے آغاز میں کنٹریکٹ طریقہ کار کے تحت نہیں دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2019ء میں سرفراز ہی قیادت کریں گے۔ سرفراز ہی کپتان ہیں وہی کپتان رہیں گے۔ سرفراز کی کپتانی کی کوئی مدت مقرر نہیں کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سیریز ہارنے پر لوگ کپتان کے پیچھے پڑجاتے ہیں، اظہر علی نے ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ خود کیا، اظہر علی کے فٹنس کے کچھ مسائل تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ کرکٹ کمیٹی کا کام سلیکشن کرنا نہیں، کمیٹی کی سفارشات سے بطور چیئرمین فائدہ ہوگا۔ احسان مانی نے کہا کہ میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ کرکٹ کیلئے بڑا خطرہ ہے، بھارت بک میکرز کی بڑی مارکیٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ آئی سی سی اور کرکٹ بورڈز بکیز کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہیں، بکیز کو پکڑنا بورڈ کا نہیں، قانونی اداروں کا کام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کو زبردستی پاکستان نہیں لاسکتے، سپرلیگ اچھا برانڈ ہے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بہت ضروری ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ باہمی سیریز پر بھارتی بورڈ سے بات کرنی چاہئے تھی۔ آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کے فیصلے کا انتظار ہے، باہمی سیریز کیلئے کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط کرنا ہے، فکسنگ کے خلاف آئی سی سی سے مل کر کام کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کہ وسیم اکرم کے تجربہ سے دنیا فائدہ اٹھارہی ہے، ہم وسیم اکرم کے تجربہ سے فائدہ کیوں نہ اٹھائیں۔ جاوید میانداد کی بہت عزت کرتا ہوں، کسی کا پریشر لیتا ہوں، نہ ہی لوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں سارے کھلاڑی ہی میرے فیورٹ ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کےسربراہ احسان مانی کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور وہ قومی کرکٹ کے حوالے سے مشکل اور مثبت فیصلے کررہے ہیں۔