December 03, 2018
تیمور علی خان گڈے کے روپ میں

تیمور علی خان گڈے کے روپ میں

پٹودی خاندان کے نواب سیف علی خان اور کپور خاندان کی کرینہ کپور کی جب شادی ہوئی تھی تو دونوں کی خبریں ہر جگہ دکھائی دیتی تھیں۔ دو بڑے خاندانوں کا ملاپ یقیناً لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا۔ تاہم اب سیف اور کرینہ کی اولاد یعنی تیمور علی خان جس قدر مقبول ہو رہے ہیں،اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ کپور اور پٹودی خاندان کا یہ سپوت دنیا میں نام کرے گا۔ تیمور کی عمر دو برس ہوچکی ہے اور یہ ہمیشہ ہی خبروں میں رہتا ہے۔ یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ تیمور کی تصاویر بڑے بڑے ادارے بھاری معاوضے کے عوض خریدتے ہیں اور اپنے جرائد میں شائع کرتے ہیں۔ یہ انکشاف خود سیف نے کیا تھا، انہوں نے بتایا کہ تیمور کی ایک نئی جھلک کی تصویر شاہ رخ اور امیتابھ کی خاص تصاویر سے بھی زیادہ پیسوں میں فروخت ہوتی ہیں۔ تیمور علی خان کا خیال رکھنے والی آیا کی تنخواہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی زیادہ ہے۔ اب تیمور علی خان کے حوالے سے ایک اور خبر سامنے آئی ہے کہ اس مقبول بچے کی شکل جیسے گڈے بھی مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کر دیئے گئے ہیں، جبکہ ان گڈوں کا نام بھی تیمور ہی رکھا گیا ہے۔ بھارتی ریاست کیرالا کی دکانوں میں تیمور علی خان کے گڈے فروخت ہورہے ہیں۔ فلم پروڈیوسر اشورنی یاردی نے اپنے مختصر ٹوئٹ میں تیمور علی خان کے گڈے کی تصویر شیئر کی ہے۔ اس حوالے سے جب سیف علی خان سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اب وہ اپنے بیٹے کا نام ٹریڈ مارک میں شامل کریں، تاکہ ان کے نام کو استعمال کرکے کوئی فائدہ حاصل نہ کرسکے۔ سیف نے کہا کہ تیمور علی خان کی ڈول بنانے والوں کو کم سے کم ایک ڈول ان کے پاس بھجوانی چاہیے تھی۔