December 03, 2018
مردوں کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیں، سارہ خان

مردوں کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیں، سارہ خان

منی اسکرین کی مقبول اداکارہ سارہ خان اب گلوکاری کی جانب بھی اپنے کیریئر کو موڑ رہی ہیں۔ سارہ خان کا پہلا گانا ’’بلیک ہارٹ‘‘ بھی سامنے آگیا۔ اس گانے میں انہوں نے خود ہی اداکاری بھی کی، جبکہ ان کے بولڈ انداز کو سوشل میڈیا پر ملے جلے ردّعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس گانے میں اداکارہ کافی بولڈ ملبوسات میں نظر آئیں۔ سوشل میڈیا پر سارہ کو اس قسم کے انداز پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ اس گانے کو حال ہی میں آن لائن لانچ کرنے کے علاوہ اس کی لانچنگ کے لیے ایک تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں سارہ کے قریبی دوست شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران راکھی ساونت نے سارہ خان سے گانے میں ان کے نیم عریاں انداز پر لوگوں کے کمنٹس پر سوال کیا تو سارہ نے نہایت متنازع بیان دے دیا۔ اداکارہ نے کہا کہ ’’لڑکوں کو کیوں نہیں کہا جاتا کہ انہیں آنکھوں کا پردہ کرنا چاہیے۔‘‘
سارہ نے مزید کہا کہ ’’میری صرف ایک ہی شکایت ہے ان لوگوں سے جو خواتین پر انگلی اٹھاتے ہیں۔ میں ان سے یہی کہنا چاہتی ہوں کہ وہ اپنی آنکھوں پر شرم کریں کہ وہ یہ سب دیکھ ہی کیوں رہے ہیں؟ ایسے لوگوں کو پردہ کرنا چاہیے، ہم کیوں کریں۔ خواتین کی عزت سب سے زیادہ ہونی چاہیے، کیوں کہ ہم نے ہی مردوں کو پیدا کیا ہے، ورنہ یہ لوگ اس دنیا میں آتے کہاں سے ہیں۔‘‘