December 03, 2018
کپل شرما کو لڑکی کے والد نے انکار کیوں کیا؟

کپل شرما کو لڑکی کے والد نے انکار کیوں کیا؟

نامور کامیڈین کپل شرما رواں ماہ شادی کرنے والے ہیں۔ کپل اپنی منگیتر گینی سے شادی کر رہے ہیں۔ حال ہی میں کپل نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے گینی کے گھر رشتہ بھیجا تو ان کے سسر نے انکار کر دیا تھا۔ کپل شرما کی زندگی کی کہانی پوری فلمی ہے، ان کی زندگی میں کئی دلچسپ اُتارچڑھاؤ آئے ہیں جو کسی بھی فلم سے کم نہیں ہیں۔ کپل شرما نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران گینی کے ساتھ اپنی محبت کی فلمی کہانی لوگوں کے ساتھ شیئر کی۔ کپل شرما نے بتایا وہ اور گینی 2005ء میں کالج میں ملے تھے جب گینی کی عمر 19 اور ان کی 24 برس تھی۔ کپل نے بتایا وہ نہایت قابل اسٹوڈنٹ تھے اور اپنا خرچہ پورا کرنے کے لیے انہوں نے کالج میں ڈراموں کی ہدایتکاری کرنی شروع کی تھی اورگینی سے پہلی ملاقات آڈیشن کے دوران ہوئی تھی، اسی وقت سے دونوں نے ایک دوسرے کو پسند کرنا شروع کردیا تھا۔ کپل نے بتایا کہ اس وقت میری مالی حالت زیادہ اچھی نہیں تھی اور ممبئی میں لافٹر چیلنج کے آڈیشن میں فیل ہوگیا تھا۔ بعد ازاں دوسرے آڈیشن میں منتخب ہونے کے بعد جب میرے مالی حالات تھوڑے ٹھیک ہوئے تو میری والدہ گینی کے گھر رشتہ لے کر گئیں۔ تاہم گینی کے والد نے بڑے پیار سے بولا ’’شٹ اپ‘‘ اور مجھے مسترد کردیا۔ اس کے بعد میں ممبئی آگیا اور میری کامیابی کا سفر شروع ہوگیا، تاہم اس وقت بھی میں گینی کو بھولا نہیں تھا۔ بعد ازاں 2016ء میں کپل نے فیصلہ کیا کہ انہیں گینی سے شادی کرلینی چاہیے اور انہوں نے گینی کو دوبارہ کال کی اور شادی کی پیشکش کی۔ اس بار گینی کے والد نے کپل کو مسترد نہیں کیا۔ کپل نے بتایا میرے برے وقت میں گینی نے میرا بہت ساتھ دیا تھا۔کپل 12؍دسمبر کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔