December 03, 2018
’’کافی وِد کرن‘‘ میں کرینہ اور پریانکا؟

’’کافی وِد کرن‘‘ میں کرینہ اور پریانکا؟

بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور کرینہ کپور خان کو ایک دوسرے کی حریف اداکارہ مانا جاتا ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے خلاف کئی مرتبہ خوب بیان بازی بھی کرچکی ہیں۔ تاہم اب رپورٹس ہیں کہ یہ دونوں اداکارائیں ماضی بھلا کر مقبول ٹی وی شو ’’کافی ود کرن‘‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔ شو کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ پریانکا چوپڑا اور کرینہ کپور دونوں نے ’’کافی ود کرن‘‘ کے سیزن 6 میں ایک ساتھ آنے کی ہامی بھری ہے۔ تاہم پریانکا اس وقت اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں، اس لیے وہ اس قسط کی شوٹنگ دسمبر کے دوسرے ہفتے میں کریں گی، جبکہ کرینہ نے بھی ان تاریخوں میں شو کی شوٹنگ کی رضامندی ظاہر کی ہے۔ کرینہ کپور خان اور پریانکا چوپڑا نے ایک ساتھ 2004ء کی فلم ’اعتراض‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے بعد سے ان دونوں کے درمیان جھگڑوں کا آغاز ہوگیا تھا۔ کرینہ کپور نے ’’کافی ود کرن‘‘ شو کے ایک سیزن کے دوران پریانکا کے انگریزی میں بات کرنے کے انداز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد پریانکا نے کرینہ کو اس ہی شو کی ایک قسط کے دوران منہ توڑ جواب دیا تھا۔ یہ دونوں اداکارائیں شاہد کپور کی سابق گرل فرینڈز بھی رہ چکی ہیں اور یہ ان کے درمیان سرد جنگ کی ایک وجہ بھی ہے۔ پریانکا چوپڑا کے نیشنل ایوارڈ جیتنے پر کرینہ کپور خان تنقید کرچکی ہیں۔ تاہم گزشتہ سال اس ہی شو پر کرینہ نے پریانکا کے ہولی وڈ میں کیے کام کو خوب سراہا جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پریانکا واحد اداکارہ ہیں جو دنیا بھر میں بھارت کا نام روشن کررہی ہیں۔