December 03, 2018
’’فیس بک صارفین‘‘ کی معلومات - پاکستان کی درخواستوں میں کمی

’’فیس بک صارفین‘‘ کی معلومات - پاکستان کی درخواستوں میں کمی

سماجی روابط کے مقبول پلیٹ فارم ’’فیس بک‘‘ نے اپنی ششماہی ٹرانسپیرنسی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے ’’فیس بک‘‘ صارفین کی معلومات کے حصول کے لیے رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران درخواستوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ جنوری سے جون 2018ء کے دوران پاکستان کی جانب سے ’’فیس بک‘‘ سے ایمرجنسی اور لیگل پراسیس کے نام پر مجموعی طور پر ڈیٹا کے حصول کے لیے 1233 درخواستیں دی گئیں۔ یہ تعداد جولائی 2017 ء سے دسمبر 2017ء کے دوران 1320، جنوری 2017ء سے جون 2017ء کے دوران 1050، جولائی 2016ء سے دسمبر 2016ء کے دوران 998، جبکہ جنوری 2016ء سے جون 2016ء کے دوران 719 تھی۔ فیس بک کے مطابق پاکستانی حکومت نے 1609 صارفین یا اکاؤنٹس کے بارے میں ڈیٹا طلب کیا۔ یہ تعداد جولائی سے دسمبر 2017ء تک 1800، جنوری سے جون 2017ء تک 1540، جولائی 2016ء سے دسمبر 2016ء تک 142، جبکہ جنوری سے جون 2016ء کے دوران 1015 تھی۔
1609؍ اکاؤنٹس یا صارفین کے لیے 1233 درخواستوں میں سے فیس بک نے 58 فیصد پر تعاون کرتے ہوئے حکومت کو کسی قسم کا ڈیٹا یا معلومات فراہم کیں۔ مجموعی طور پر لیگل پراسیس کے لیے 1100 سے زائد درخواستوں میں سے 57فیصد جبکہ 92 ایمرجنسی درخواستوں میں سے 67 فیصد پر ’’فیس بک‘‘ انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی حکام کو ڈیٹا فراہم کیا گیا۔ اس سے ہٹ کر بھی پاکستان کی جانب سے ’’فیس بک‘‘ سے کسی جرم کی تحقیقات کے لیے 430 درخواستوں کے ذریعے 580 صارفین یا اکاؤنٹس کا ڈیٹا یا ریکارڈ محفوظ کرنے کی درخواست کی گئی۔
جولائی سے دسمبر 2017ء کے دوران 464 درخواستوں کے ذریعے 598 صارفین، جنوری سے جون 2017ء کے دوران 399 درخواستوں کے ذریعے 613 اکاؤنٹس، جولائی سے دسمبر 2016ء میں 442 جبکہ جنوری سے جون 2016ء کے دوران 280 درخواستوں کے ذریعے 363 صارفین یا اکاؤنٹس کا ڈیٹا یا ریکارڈ محفوظ رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔
فیس بک کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں صارفین سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے حکومتی درخواستوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 26 فیصد اضافہ ہوا اور امریکا، بھارت، جرمنی اور فرانس اس حوالے سے سرفہرست رہے۔ مجموعی طور پر دنیا بھر سے ایک لاکھ 3 ہزار 815 درخواستیں ’’فیس بک‘‘ سے کی گئیں جو کہ جولائی سے دسمبر 2018ء کے دوران 82ہزار 341 تھیں۔