December 24, 2018
آئی لینس

آئی لینس

خواتین میں لینس استعمال کرنے کا رجحان زبردست انداز میں بڑھ رہا ہے۔ نظر کمزور ہو تو چشمے کے بجائے لینس لگانے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاکہ چشمہ لگا کر چہرے کی خوبصورتی کو متاثر ہونے سے بچایا جائے اور چشمے کو سنبھالنے کی ذمہ داری سے بھی بچا جاسکے۔ اس کے علاوہ لینس اپنی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لیے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہ فیشن ایبل ہیں، ان کا استعمال آپ کی شخصیت کو ایک نیا رنگ و روپ دیتا ہے اور یہ متاثر کن بھی محسوس ہوتے ہیں۔
آنکھوں کے قدرتی رنگ سے مختلف رنگین آئی لینسز کا استعمال، آپ کی شخصیت کو منفرد انداز میں ظاہر کرتا ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ مختلف خواتین پر اس کا اثر مختلف ہوتا ہے۔ کیا آپ نے کبھی سوچا کہ کچھ خواتین پر کلرڈ لینس اتنے اچھے اور کچھ پر مضحکہ خیز کیوں محسوس ہوتے ہیں؟ بات یہ ہے کہ رنگین لینس کا تاثر آپ کی رنگت اور بالوں کے رنگ سے متاثر ہوتا ہے، اس لیے اگر آپ مثبت اور خوبصورت تاثر کی خواہشمند ہیں تو کوشش کیجئے کہ کانٹیکٹ لینس منتخب کرتے ہوئے اپنی رنگت اور بالوں کو بھی مد نظر رکھیں۔
کانٹیکٹ آئی لینس کئی وجوہات کی بناء پر مقبول ہیں۔ خوبصورتی کے ساتھ یہ آسانی بھی دیتے ہیں اور وہ افراد جن کو چشمہ لگانا پسند نہیں، ان کے لیے یہ ایک اچھا متبادل بھی بن سکتا ہے۔
اگر آپ کانٹیکٹ لینس استعمال کرتی ہیں تو یقیناً آپ کی خواہش ہوگی کہ آپ اس کو لگانے کے بعد منفرد اور خوبصورت بھی نظر آئیں، اپنی رنگت اور زلفوں کی مدد سے بہترین انتخاب کیسے کیا جاسکتا ہے، آئیے جانتے ہیں:
گوری رنگت کی مالک خواتین کے لیے بہترین لینس:اگر آپ کی رنگت گوری ہے تو امید ہے کہ کم و بیش ہر رنگین لینس آپ پر جچے گا۔ خصوصی طور پر نیلا اور سرمئی رنگ اور اس کے گہرے اور مدھم شیڈز آپ کی رنگت اور چہرے کو ایک خاص چمک دیں گے، جو نہ صرف دلچسپ محسوس ہوگی بلکہ آپ کی شخصیت کو خوبی سے نکھارنے اور واضح کرنے کا سبب بھی ہوگی۔ گوری رنگت والی لڑکیوں کے لیے شوخ، روشن اور چمکدار رنگ کے کانٹیکٹ لینس سب سے مناسب انتخاب ہے۔ سب سے منفرد نظر آنا چاہتی ہیں تو فیروزی (Torquoise)، جامنی (Purple) اور ایکوا (Aqua) کا انتخاب کیجئے۔
گندمی رنگت کی مالک خواتین کے لیے لینس:اگر آپ کی رنگت گندمی ہے تو آپ کے لیے ایسے کانٹیکٹ لینس بہترین انتخاب ہوں گے جو آپ کی آنکھوں کو زیادہ چمکدار ظاہر کریں۔ عام طور پر گندمی رنگ کی مالک خواتین اپنے لیے ہیزل (Hazel)، سبز، شہد سا گھلتا ہوا رنگ (Honey)، سرمئی (Grey) یا گہرا نیلا رنگ (Sapphire/Navy) رنگ منتخب کرسکتی ہیں۔ چمکدار نیلے شیڈز مثلاً فیروزی (Torquoise) اور آسمانی (Aqua) رنگ نہ اپنایا جائے کیونکہ یہ رنگ گندمی یا درمیانی رنگت کے ساتھ اچھا امتزاج پیش نہیں کرتے۔ اگر آپ گندمی رنگت کی مالک ہیں اور نیوٹرل کلرز منتخب کرنا چاہتی ہیں تو ہمارا مشورہ ہے کہ کتھئی اور سرمئی رنگ کے ایسے شیڈز اپنائیں جو آپ کی رنگت اور میک اپ کے ساتھ اچھا تاثر پیش کرنے کا سبب بن سکے۔
سانولی رنگت کی مالک خواتین کے لیے لینس:اس رنگت کی مالک خواتین کے لیے بھی رنگین آئی لینس کی ایک وسیع رینج دستیاب ہے۔ بس یہ سوچ لیجئے کہ آپ لینس کی مدد سے کیسا تاثر قائم کرنے کی خواہشمند ہیں۔ گہرے رنگ جن کا تاثر نرم گرم سا ہو، سانولی رنگت کی مالک خواتین کے بہترین ہے۔ اسموکی کلرز بھی آپ کو متاثر کن لُک دیں گے۔ محفل کی توجہ کا مرکز بننا چاہتی ہیں تو شہد کا رنگ یا سرمئی رنگ کے لینس استعمال کریں۔ پرکشش انداز کے لیے کتھئی، ہیزل اور وائلٹ لینس استعمال کیجئے۔ سانولی رنگت کی خواتین کو چاہئے کہ وہ شوخ رنگ مثلاً گلابی، آسمانی اور اس قسم کے چمکدار رنگوں سے دور رہیں، کیونکہ یہ رنگ ان کی رنگت کو واضح اور متاثر کن بنانے کا سبب نہ ہوگا۔
آئیے اب جانتے ہیں کہ آپ کے بال، ان کا رنگ اور کانٹیکٹ لینس کا امتزاج، کیسے آپ کی شخصیت سنوارنے کا سبب بن سکتا ہے:
کتھئی زلفوں کی مالک خواتین کے لیے بہترین لینس:صرف چند رنگین کانٹیکٹ لینس ایسے ہیں جو کتھئی بالوں والی لڑکیوں کے لیے مناسب نہیں، باقی ہر رنگ آپ کے لیے مناسب ہے۔ اس لیے بلا جھجک اپنی پسند کے مطابق ان کا استعمال کیجئے، ہر رنگ میں آپ کی زلفیں، آنکھیں اور شخصیت متاثر کن نظر آئے گی۔
سنہری (Blonde) زلفوں کی مالک خواتین کے لیے بہترین لینس:بلونڈ یا سنہری زلفیں گہرے رنگ کے آئی لینس کے ساتھ بہترین امتزاج پیش کرتی ہیں جیسے سیاہ، چاکلیٹ برائون اور گہرا کتھئی رنگ، مدھم رنگ مثلاً سرمئی اور Beigeرنگ کے شیڈز بھی سنہری زلفوں کے لیے مناسب انتخاب ہیں۔ پلاٹینم بلونڈ زلفوں کے ساتھ نیلا اور ایمیرالڈ (Emerald) رنگ کے لینس بھی جچتے ہیں۔ یہ خیال رکھئے کہ آپ کے بال اور آئی برائوز کا رنگ ایک جیسا ہو، اس طرح آپ کو اپنی شخصیت پرکشش بنانےا ور متاثر کن انداز اپنانے کا موقع ملے گا۔ سیاہ زلفوں کی مالک خواتین کے لیے بہترین لینس:قدرتی سیاہ بال یا سیاہ کے شیڈ میں رنگے ہوئے بال مثلاً بلیو بلیک شیڈ یا سیاہ اور سرمئی رنگ کے امتزاج سے سجے بالوں کے لیے نیلے اور جامنی رنگ کے کانٹیکٹ آئی لینس بہترین ثابت ہوتے ہیں۔ اگر آپ قدرتی تاثر حاصل کرنا چاہتی ہیں تو کتھئی کا کوئی منفرد شیڈ استعمال کیجئے۔ کتھئی شیڈ، نہ صرف سیاہ بالوں کے ساتھ مناسب نظر آئے گا بلکہ ایک دلفریب قدرتی تاثر ظاہر کرنے کا سبب بھی ہوگا۔
گلابی، جامنی اور شوخ رنگ زلفوں کی مالک خواتین کے لیے بہترین لینس:آج کل بہت سی لڑکیاں شوخ رنگوں سے بالوں کو رنگ رہی ہیں، لیکن یہ نہ سمجھئے کہ اس شوخی کو آپ کی آنکھوں سے جھلکنا بھی ضروری ہے، اگر آپ کے بال شوخ رنگ سے رنگے ہیں تو آنکھوں کے لیے شوخ اور چمکدار کانٹیکٹ لینس استعمال نہ کیجئے، ورنہ ایسا محسوس ہوگا جیسے بالوں اور آنکھوں میں کوئی مقابلہ چل رہا ہے اور دو شوخ رنگ مل کر ایک پریشان کن شخصیت ترتیب دے رہے ہیں۔ آپ کے لیے بہتر ہے کہ شوخ رنگ بالوں کے ساتھ سیاہ یا کتھئی رنگ کے سنگل ٹون کانٹیکٹ لینس منتخب کریں۔
اس کے علاوہ کانٹیکٹ لینس کی دنیا میں Enhancement Contact Lenses بھی بڑے ہی کارآمد ہیں، یہ ایسے شیڈز اور ڈیزائن پر مبنی لینس ہیں جو تمام خواتین استعمال کرسکتی ہیں۔ سیاہ اور کتھئی امتزاج سے ترتیب دئیے جانے والے یہ لینس، ہر طرح کی رنگت اور زلفوں کی مالک خواتین کے لیے مناسب ہوتے ہیں۔ ان کو منتخب کرنے سے پہلے بس یہ دیکھ لیجئے کہ اس میں Limbal Ringکا تناسب کس طرح ترتیب دیا گیا ہے، ان ہینسمنٹ کانٹیکٹ لینس کے مقبول شیڈز میں ماچا لاتے ہیزل(Macha Latte Hazel) ہاٹ چاکلیٹ (Hot Chocolate)اور لیمنیڈ برائون (Lemonade Brown) شامل ہیں۔ اس سلسلے میں مزید آگاہی حاصل کرنے کے لیے اپنے آپٹک ڈاکٹر کی مدد لی جاسکتی ہے۔