تازہ شمارہ
Title Image
December 31, 2018
رنگ اس سال کا مرجان چنا جاتا ہے

رنگ اس سال کا مرجان چنا جاتا ہے

نیو فیشن آرڈر

دوستو! آپ کا پسندیدہ رنگ کوئی بھی ہو، سال 2019ء کا پسندیدہ رنگ ’’مرجان‘‘ ہوگا! کلر انسٹیٹیوٹ کی جانب سے سال کے پسندیدہ ترین رنگ کا انتخاب، ہر سال دسمبر میں کیا جاتا ہے، اس سال پین ٹون کلر انسٹی ٹیوٹ نے Living Coral رنگ کا انتخاب کیا ہے، آسٹریلیا میں واقع وسیع ترین Coral Reefs آبی حیات کی سب سے بڑی بستی ہے اور سال کا بہترین اور پسندیدہ رنگ، اسی بستی سے متاثر نظر آتا ہے۔ لیونگ کورل یا مرجانی رنگ صحرا، پہاڑ، پھول، پودے اور سورج جیسے قدرتی اور دلفریب نظاروں سے سجا ہے، یہ توانائی، تازگی اور پرسکون تاثر سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا سے ہم آہنگ اور فطری جذبات و احساسات اور ترقی کا عکاس بھی ہے۔  نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی ہر میدان میں تبدیلی کا ذکر شروع ہوجاتا ہے، ملبوسات کا نیا فیشن، نئے رنگ، نئی بات، نئے اصول اور نئے معمول، ایسا لگتا ہے جیسے نیا سال نہیں، بلکہ ایک نئی زندگی ہے، جس نے 2019ء کی پہلی کرن کے ساتھ جنم لیا ہے، ویسے نئے سال کا آغاز اپنے ساتھ کئی منفرد پہلو لاتا ہے، یہ بھی سچ ہے۔ حیران کن سمندری حیات کی دلفریب و دلکش آبادی Coral Reef سے متاثر یہ رنگ جسے Living Coralکہا جاتا ہے، ایک نرم، گرم سا رنگ ہے۔ کلر آف دی ایئر قرار پانے والے اس رنگ میں شوخی بھی ہے اور نزاکت بھی، تازگی بھی ہے اور سادگی سے بھرپور رعنائی بھی۔  مرجان کی سختی اور اس میں پگھلتے سنہری رنگ کی نرم جھلک، اس رنگ کو ایک خاص تاثر عطا کرتی ہے۔ جو نہ صرف قدرت و فطرت کی عکاس ہے بلکہ اس میں جدید دنیا کے دلکش نظارے بھی شامل ہیں۔ خاص طور پر سوشل میڈیا کا تاثر اس رنگ کی سب سے اہم خوبی ہے۔ کلر انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اس رنگ کو منتخب کیوں کیا گیا، اس سلسلے میں جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق، ’’کورل ریف، دلفریب قدرتی رنگوں سے سجی ہے، سیپی، مونگے، سمندری پودے، سمندری حیات، نگینے اور قیمتی پتھروں کی قدرتی دلکشی، یہاں کا ہر رنگ بے مثال ہے اور یہی قدرتی رنگینی اس سے متاثر ہونے کا سب سے بڑا سبب بنا ہے۔‘‘ سال 2018ء الٹرا وائلٹ رنگ کا سال تھا، اسے بے حد پسندیدگی حاصل ہوئی، یہ فیشن سے ہوم ٹرینڈز ہر چیز کا حصہ رہا لیکن سچ یہ ہے کہ اب الٹرا وائلٹ (Ultra Violet) کا سال اختتام پذیر ہوا، اور یہ کہنا درست ہوگا کہ نئے سال میں نیا رنگ آپ کو ایک نیا انداز اور منفرد دلکشی عطا کرنے والا ہے۔ کلر انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ رنگ قدرتی خوبصورتی کا عکاس ہے، ’’لیونگ کورل (Living Coral) آپ کو قدرتی مناظر سے ایک نئے انداز میں متعارف کروانے کے لیے تیار ہے۔ آج کل یوں بھی ماحول کی حفاظت کا مسئلہ نہایت اہم ہے، ایسے وقت میں کلر آف دی ایئر کے لیے ایک قدرت رنگ کا انتخاب ناگزیر تھا، آج ہم سب کو قدرتی ماحول محفوظ رکھنے اور اس کی حفاظت کرنے کا سبق یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے امید ہے کہ یہ رنگ صرف نئے سال میں ٹرینڈز کی شان ہی نہیں بلکہ ہماری ماحولیاتی ذمہ داری کےپہلو کو سنوارنے کا سبب بھی بنے گا۔‘‘  فیشن ماہرین نے اس رنگ کا بڑی گرم جوشی سے استقبال کیا ہے، ماہرین کا خیال ہے کہ یہ رنگ اپنی قدرتی آب و تاب کے ساتھ فیشن پر اثر انداز ہونے کی بھرپور صلاحیت کا حامل ہے، آئیے اس رنگ کو خوش آمدید کہتے ہیں، جو سال 2019ء میں آپ کے عام ملبوسات، گھر کی سجاوٹ کے انداز، برائیڈل ٹرینڈز اور فیشن و ڈیزائن سمیت زندگی کے دیگر اہم پہلوئوں سے متعلق ہر انداز کو یکسر تبدیل کردینے والا ہے۔ لیونگ کورل یعنی مرجان کا یہ دلفریب رنگ، محبت، سچائی، مثبت سوچ اور خوشی کی علامت ہے۔ وہ خواتین جو فطرت کی قربت سے متاثر ہوتی ہیں، ان کے لیے یہ رنگ مثبت ماحول ساتھ لائے گا، آپ اس رنگ کو اپنے گھر میں اپنائیں یا اپنے لباس اور دیگر لوازمات کے لیے، اس کا تاثر، شوخ و شنگ دلفریبی اور قدرتی رعنائی کا عکاس ہے۔ خواتین اس رنگ کو اپنے عام ملبوسات ہی نہیں، عروسی لباس اور پارٹی ویئر کے لیے بھی منتخب کر سکتی ہیں، اس رنگ کے مشرقی ملبوسات اور اس پر مشرقی سنہری زردوزی اور گوٹا کناری کا کام، آپ کو زبردست تاثر عطا کرے گا۔ آپ اسے انارکلی، لہنگے، عروسی جوڑے، ساڑی کے لیے اپنا سکتی ہیں، اس رنگ کی فیشن ایکسرسیریز بھی بڑی تیزی سے اپنائی جارہی ہے۔ بیگ، گھڑی، سینڈل، کلچ، ہیئر ایکسرسیریز سے نیل کلر تک ہر چیز، لیونگ کورل کلر میں منتخب کرنا ممکن ہے، بس ضرورت ہے تو اس بات کی کہ آپ نئے سال کے نئے ٹرینڈز کو نئے رنگ میں دلفریب امتزاج کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کریں، مانا کہ یہ رنگ سال کا پسندیدہ رنگ قرار پایا ہے لیکن اس رنگ کو اپنی شخصیت، اپنے تہوار اور تقریبات کے مطابق خوبی سے اپنانا آپ کا کام ہے۔ جہاں تک بات گھر کی ہے، اس رنگ کو اپنے گھر میں خوبی سے اپنانے کا طریقہ یہ ہے اسے وال پینٹ کے طور پر استعمال کیا جائے۔ کلر انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ’’کلر آف دی ایئر‘‘ منتخب کرنے کا سلسلہ 20برس سے جاری ہے، سال 2018ء میں الٹرا وائلٹ رنگ کو سال کا پسندیدہ رنگ قرار دیا گیا تھا، 2017ء میں گرینری (Greenery)، اور 2016ء میں ہلکا نیلا شیڈ (Serenity) بطور کلر آف دی ایئر منتخب کیا گیا تھا۔