تازہ شمارہ
Title Image
December 31, 2018
نیا فیصلہ سب سےمل کرکریں!

نیا فیصلہ سب سےمل کرکریں!

کیا آپ بھی سال کے آغاز پر بہت سے منصوبے بناتی ہیں؟ ہمارا مشورہ ہے کہ یہ نئے منصوبے اکیلے نہ بنائیے بلکہ اپنے خاندان کو بھی اس میں شریک کرلیجئے، آپ صحت مند زندگی کے اصول و ضوابط اپنانا چاہتی ہوں یا کوئی نیا مشغلہ اپنانے کا خواب ہو، ہر کام ممکن ہے اگر مل جل کر کیا جائے تو۔  انفرادی منصوبوں کی بنیادی خرابی یہ ہے کہ ان کے تحت فرد بس اپنی ذات تک محدود ہوجاتا ہے، جبکہ سب کے ساتھ کی گئی کوشش میں ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھانے کے لیے مدد بھی مل جاتی ہے اور اس کے نتائج بھی دیرپا اور مفید ثابت ہوتے ہیں۔ اس لیے ہم خواتین کو مشورہ دیں گے سال 2019ء کے آغاز کے ساتھ ہی یہ عہد کیجئے کہ اب سے ہر مثبت کوشش میں آپ کے ساتھ، آپ کا خاندان ساتھ رہے گا، آپ ان کو وقت دیں گی اور وہ آپ کو توجہ۔ جب ان کی صحت اور ان کا خیال آپ کے لیے سب سے اہم ہے تو کیوں نہ اس اہمیت کو مثبت انداز میں اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا جائے؟ نئے سال کی آمد پر آپ اور آپ کا خاندان مل جل کر کون سے منصوبوں پر عمل کر سکتا ہے، آئیے جانتے ہیں۔ ایک دن کے لیے ہی سہی، الیکٹرانک مصنوعات سے دور ہو جائیے:آج ہم سب ہی موبائل اور الیکٹرانک مصنوعات مثلاً ٹی وی، کمپیوٹر، ٹیبلٹ وغیرہ کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ خاندان کے ساتھ بیٹھ بھی جائیں تو مصروفیت، ساتھ ٹی وی دیکھنے تک ہی محدود رہتی ہے، ہمارا مشورہ مانئے، سال کے آغاز پر ہی یہ طے کرلیجئے کہ گھر میں الیکٹرانک ڈیوائس استعمال کرنے کا وقت محدود کیا جائے گا۔ کیا یہ اچھا لگتا ہے کہ گھر میں سارا خاندان بیٹھا ہو اور سب اپنے اپنے موبائل فون استعمال کر رہے ہوں؟ آج موبائل سے پیچھا چھڑانا ممکن نہیں لیکن اس کا استعمال محدود کرنا ممکن ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ گھر کا ماحول خوشگوار اور آپس کے تعلقات میں ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے موبائل اور کمپیوٹر ڈیوائس کا استعمال محدود کرنا بہت ضروری ہے، یہ گھر کے بڑوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں، بلکہ ٹیکنالوجی کا درست استعمال سکھائیں۔ گھر والوں کے ساتھ مثبت مصروفیات میں حصہ لینے کا رجحان پیدا کرنا ممکن ہے، طے کرلیجئے کہ گھر میں موبائل اور کمپیوٹر کا استعمال محدود وقت کے لیے کیا جائے گا اور ہر ماہ ایک دن ایسا بھی ہوگا جب کوئی بھی الیکٹرانک ڈیوائس استعمال نہیں کی جائے گی۔ اچھا کھانا، ساتھ کھانا:والدہ ہونے کی نسبت سے آپ کی ذمہ داری بہت بڑھ جاتی ہے، ماں بچوں کو صحت بخش کھانے کی جانب راغب کرنے میں سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔یاد رکھئے، وزن کا خطرناک حد تک بڑھنا اور جنک فوڈ کا استعمال بچوں میں عام ہو رہا ہے، اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ بطور خاندان اس مشکل سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں، اچھی غذا صرف بچوں کے لیے نہیں گھر کے ہر فرد کے لیے ضروری ہے۔ جب گھر کا ہر فرد، اس بات کو سمجھ لے گا تو ایک صحت مند طرز زندگی اپنانا بھی آسان ہوجائے گا۔ اہل خانہ کو اچھی غذا کی اہمیت سمجھانے کے لیے ان کو باورچی خانے کے کام میں اپنے ساتھ شامل کیجئے۔ جو بات وہ سمجھ لیں گے، اس پر عمل کرنا بھی آسان ہوگا۔ چہل قدمی، کھیل اور ورزش:شاید نئے سال کی آمد پر سب سے زیادہ ورزشی معمول اپنانے کا ارادہ ہی کیا جاتا ہے لیکن اکثر خواتین اس کام پر باقاعدگی سے عمل نہیں کرپاتیں، البتہ اگر آپ کے ساتھ آپ کا پورا خاندان، ورزش کی کوشش کا آغاز کرے تو زیادہ امید اس بات کی ہے کہ ورزش ترک کرنا مشکل ہو جائے گا۔ خاندان کے ساتھ چہل قدمی کیجئے، ریس لگائیے، بچوں کے ساتھ گھر کے اندر اور باہر کھیل کود کا اہتمام کیجئے، صحت کے ساتھ خوشی اور مسکراہٹ بھی زندگی میں لوٹ آئے گی۔ خاندان کے ساتھ سنی کہانی :آپ کے گھر میں کتابوں کی الماری ضرور ہوگی، لیکن ان میں سے کتنی کتابیں آپ نے پڑھی ہیں؟ روزانہ رات کھانا کھانے کے بعد، خاندان کے ساتھ بیٹھ جائیے اور کتاب کا مطالعہ ضرور کیجئے، چاہے دس منٹ کے لیے ہی کیوں نہ ہو۔ کتاب کوئی بھی ہو، کبھی آپ پڑھ کر سنائیں اور کبھی بچے پڑھیں، کتاب پر اظہار خیال بھی کیا جائے۔ بہت سی خواتین یہ شکایت کرتی ہیں کہ بچے اور بڑوں کے درمیان بات کرنے والی مشترکہ دلچسپی نہیں، کتاب پڑھنا اور اس پر اظہار خیال، اسی مشترکہ دلچسپی کا نام ہے۔ ذمہ داری بانٹ لیجئے:نئے سال کی آمد پر گھر کے کسی ایک فرد پر ہر کام کی ذمہ داری ڈالنے کے بجائے، مل جل کر کام کرنے کا فیصلہ کریں۔ کیا آپ جانتی ہیں جب ہم کوئی کام مل جل کر پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہمارے درمیان ایک نیا رشتہ جنم لیتا ہے۔ یہ احساس ذمہ داری اور ایک دوسرے کے احساس کا رشتہ ہے۔ دوسروں کی بے لوث خدمت کا عہد اچھا ہے لیکن اس سے بھی زیادہ بہتر یہ ہے کہ آپ اور آپ کا خاندان مل جل کر اس خدمت میں برابر حصہ لیں۔ دوسروں کے ساتھ اچھا سلوک کیجئے:کیا آپ دنیا کو ایک اچھی جگہ بنانا چاہتی ہیں؟ ایسی جگہ جہاں رحم دلی اور انصاف کے ساتھ ساتھ نرمی اور خوش اخلاقی بھی ہو؟ پہلے اپنے خاندان کو نرم دلی کی تربیت دیجئے، ایک دوسرے کے ساتھ خوش اخلاقی اور نرمی سے پیش آئیے، لڑائی جھگڑا، ناراضی ترک کیجئے، محبت اور نرمی کا یہ انداز آپ کے اردگرد موجود افراد تک ضرور پہنچ جائے گی۔ زندگی مختصر ہے اور نئے سال کا آغاز یہ پیغام ساتھ لایا ہے کہ اس مختصر زندگی میں ہمارے پاس محدود وقت ہے، اس لیے کشادہ دل ہوجائیے اور عہد کیجئے کہ اپنے خاندان کے ساتھ نرمی اور خوش اخلاقی کا انداز اپنالیں گی۔ آرام اور خیال:آپ کو کام مکمل کرنے میں اتنی دیر ہوجاتی ہے کہ سونے کا وقت بھی نکل جاتا ہے، دوسری طرف بچوں کی خواہش ہوتی ہے کہ مزید کچھ دیر جاگ کر گزارا جائے، جبکہ خاندان کے تمام افراد کو اپنی صحت اور مناسب نیند کا خیال کرنا چاہئے۔ عہد کیجئے کہ نئے سال میں آرام پر خصوصی توجہ دیں گی اور پریشان ہونا چھوڑ دیں گی۔ بچت:صرف ایک فرد کی کوشش سے کچھ نہ ہوگا، ضروری ہے کہ آپ سب مل جل کر بچت کا اصول اپنائیں، یہ صرف والدین یا ماں کی ذمہ داری نہیں کہ وہ بچت کو مد نظر رکھیں، گھر کے اخراجات پر قابو پانا تب ہی ممکن ہے جب سب اس کوشش میں متفقہ رائے کے مالک ہوں۔ ماحول کی حفاظت:نئے سال کے موقع پر خاندان کے ساتھ عہد کیجئے کہ ماحول کی حفاظت کا اصول اپنائیں گی، آج ہمیں قدرتی ماحول اور صاف پانی کی جتنی ضرورت ہے، اس سے پہلے کبھی نہ تھی، اس لیے آج اس کام کے لیے سب کی مشترکہ کوشش بھی لازم ہے۔