December 31, 2018
ٹام لیتھم کا نیاریکارڈ

ٹام لیتھم کا نیاریکارڈ

ٹام لیتھم نے بیٹ کیری کرتے ہوئے انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیل کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ لیتھم نے 264 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ایلسٹرکک کا ریکارڈ توڑ دیا۔ مایہ ناز کیوی بلے باز ٹام لیتھم نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی، کیوی اوپنر نے سری لنکا کے خلاف جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی لینڈرز کے باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔ انہوں نے 264 رنز کی اننگز کھیل کر سابق انگلش اوپننگ بیٹسمین ایلسٹرکک کا بیٹ کیری کرتے ہوئے انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، کک نے 2017-18ء میں آسٹریلیا کے خلاف ایشز ٹیسٹ میں 244رنز کی اننگز کھیل کر بیٹ کیری کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ لیتھم ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹ کیری کرنے والے دوسرے کیوی اوپنر ہیں، اس سے قبل گلین ٹرنر بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، انہوں نے دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس کے علاوہ لیتھم انفرادی طور پر بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے دوسرے کیوی اوپنر بھی بن گئے ہیں، کیویز کی جانب سے بطور اوپنر بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے کا اعزاز برائن ینگ کو حاصل ہے، انہوں نے 1997ء میں سری لنکا کے خلاف ہی ڈونیڈن ٹیسٹ میں 267رنز کی اننگز کھیلی تھی۔