تازہ شمارہ
Title Image
December 31, 2018
ارکان پارلیمان کی شادیاں، نبیل گبول کے دلچسپ دعوے

ارکان پارلیمان کی شادیاں، نبیل گبول کے دلچسپ دعوے

سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کی سیاسی وابستگیاں حالات کے ساتھ بدلتی رہتی ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے بعد شاید ان دنوں پھر پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔ اس دوران انہوں نے پاکستان تحریک انصاف سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن بات پایۂ تکمیل تک نہ پہنچی۔ سیاست کے علاوہ دیگر دلچسپیوں میں اُن کا ایک خاص موضوع ارکان اسمبلی کی شادیوں کے انکشافات اور اس حوالے سے گفتگو ہے۔ جب وہ قومی اسمبلی کے رکن تھے تو انہوں نے اجلاس کے دوران ہی ایک نکتہ اعتراض پر ایوان میں یہ انکشاف کیا تھا کہ ارکان اسمبلی کی آدھی سے زیادہ تعداد نے خفیہ شادیاں کر رکھی ہیں اور جو خفیہ رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہوتے، انہوں نے کم ازکم دوسری شادی تو اعلانیہ کی ہے۔ انہوں نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جناب اسپیکر میں یہ بات بڑے دعوے سے کررہا ہوں اور چیلنج بھی کرتا ہوں کہ میرے اس دعوے کی تردید کی جائے تو میں اپنی بات ثابت کردوں گا لیکن ایوان میں خاموشی چھائی رہی اور کسی رکن نے اُن کے اس دعوے کو چیلنج نہیں کیا۔ سردار نبیل گبول ایک ’’جرأت مند بلوچ‘‘ ہیں، اسی موضوع کے حوالے سے اُن کی جرأت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ایک ٹی وی پروگرام، جس میں اُس وقت کی ٹی وی اینکر ریحام خان بھی شامل تھیں اور اُن کی عمران خان سے شادی بھی نہیں ہوئی تھی، نبیل گبول نے اُنہیں لائیو پروگرام میں شادی کی پیشکش کردی، جس پر ریحام خان نے قہقہہ لگاتے ہوئے اُسے مذاق میں اُڑانے کی کوشش کی۔ نبیل گبول نے بڑی سنجیدگی سے کہا تھا کہ ریحام خان میں سیریس ہوں، آپ صرف ہاں کردیں، میں باضابطہ طور پر آپ کے ہاں رشتہ بھیجوں گا لیکن ریحام خان نے اُن کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔ واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ یہی واقعہ نبیل گبول کی تحریک انصاف سے دوری کا سبب بنا تھا کیونکہ انہوں نے ریحام خان کے نزدیک آنے کی کوشش کی تھی۔ نبیل گبول صاحب کا حالیہ انکشاف ڈاکٹر عامر لیاقت کے بارے میں ہے، جن کی دوسری شادی کے بارے میں انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں دعویٰ کیا ہے کہ حال ہی میں منظر عام پر آنے والی اُن کی دوسری نہیں بلکہ تیسری شادی ہے۔ پھر اُن کا یہ دعویٰ کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کی دوسری شادی میں نکاح کے موقع پر وہ خود نہ صرف شریک تھے بلکہ بحیثیت گواہ انہوں نے دستخط بھی کیے تھے، خاصا وزنی ہے۔ اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ چونکہ عمران خان، عامر لیاقت کے لیڈر ہیں اور انہوں نے بھی تین شادیاں کی ہیں، اس لیے اپنے قائد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ڈاکٹر صاحب نے بھی تین شادیاں کی ہیں، یہ بات دلچسپ ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت نے نبیل گبول کے اس دعوے کو چیلنج نہیں کیا۔