تازہ شمارہ
Title Image
December 31, 2018
عتیقہ اوڈھو، شراب برآمدگی کیس اور تاریخ پہ تاریخ… !

عتیقہ اوڈھو، شراب برآمدگی کیس اور تاریخ پہ تاریخ… !

ٹی وی کی معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو کا جرم اگر تھا بھی تو اُنہیں اس کی جتنی سزا مل رہی ہے وہ اُس سے زیادہ بلکہ کہیں زیادہ ہے اور شاید اس لیے بھی کہ اگر اس جرم کی پاداش میں واقعی اُنہیں سزا مل جاتی تو اُنہیں چند گھنٹے ہی جیل میں رہنے کے بعد ضمانت پر رہا کرکے اب تک کیس ختم ہوجاتا لیکن اب تھوڑے تھوڑے عرصے کے بعد عدالت میں پڑنے والی سماعت کی تاریخ پر اُن کی کچہری آمد کی خبریں شائع ہوتی ہیں۔ شراب برآمدگی کیس کی آواز لگتی ہے اور پھر کسی کارروائی کے بغیر سماعت ملتوی کردی جاتی ہے اور یہ سلسلہ تقریباً 9سال سے جاری ہے۔ یادش بخیر2011 ء میں عتیقہ اوڈھو بےنظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے کراچی جارہی تھیں تو کسٹم حکام نے تلاشی کے دوران اُن کے سامان سے دو بوتل شراب برآمد کرلی تھی۔ اس واقعے پر اُس وقت کے چیف جسٹس کی مدعیت میں عتیقہ اوڈھو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔ اُس وقت یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ معروف اداکارہ کے خلاف ہونے والی یہ تمام کارروائی کسی کی ذاتی پرخاش کا نتیجہ ہے اور اس حوالے سے بعض نام بھی سرگوشی میں لیے جاتے رہے۔ ابتدا میں سماعت کی بعض تاریخوں پر عتیقہ اوڈھو خود عدالت میں پیش ہوتی تھیں، تاہم بعد میں ابھی تک اُن کے وکلا ہی اس کیس کی پیروی کررہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھی ایسا ہی ہوا، عتیقہ اوڈھو تو پیش نہیں ہوئیں لیکن اُن کے وکلا کو ہدایت کی گئی ہے کہ ’’ملزمہ‘‘ کو9 ؍جنوری کو لازماً عدالت میں پیش کیا جائے۔