تازہ شمارہ
Title Image
December 31, 2018
جان بچانے والے خودکار ڈرون

جان بچانے والے خودکار ڈرون

چینی طلباء و طالبات نے ایسے ڈرون کا تصور پیش کیا ہے، جو ایک مضبوط جال اٹھائے جلتی عمارتوں میں لوگوں کو تلاش کریں گے۔ کواڈ کاپٹر ڈرون چاروں کونوں سے جال کو تھامے اور پھیلائے رکھیں گے اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے اس پر کود سکیں گے۔ سمندری لائف گارڈ کی طرح اس ڈیزائن کو نیٹ ڈرون کا نام دیا گیا ہے، قابلِ اعتبار ڈرون ازخود پرواز کریں گے اور ہوا کے درمیان جال کو پھیلا دیں گے۔ جی پی ایس نظام سے لیس ڈرون سسٹم کو جیسے ہی کسی عمارت میں آگ لگنے کا اشارہ ملے گا، چار کواڈ کاپٹر وہاں پہنچ کر جال پھیلائیں گے اور خود لوگوں کی شناخت کرکے انہیں بچائیں گے۔ چاروں طرف سے ڈرون جال کو کھینچ کر چادر کی مانند تان لیں گے۔ یہ ڈرون نظام گوانگ ڈونگ پولی ٹیکنک نارمل یونیورسٹی کے شعبہ برقی انجینئرنگ کے 6 طالب علموں نے خود ڈیزائن کیا ہے جس پر انہیں بہترین ڈیزائن کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ پولی یوریتھین کی کئی تہوں سے یہ جال بنایا گیا ہے جو آسانی سے ایک بالغ شخص کا وزن اٹھا سکتا ہے جبکہ ڈرون اس عمل میں ڈگمگاتے بھی نہیں۔ سینسر کے ذریعے یہ چھلانگ لگانے والے شخص کی پوزیشن اور اس پر نظر بھی رکھتے ہیں، اسی لحاظ سے یہ جال کو منظم بھی رکھ سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ڈرون نظام کو عملی شکل دینے کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈیزائن کو عملی صورت دینے کے بعد اسے کئی صورت حال اور واقعات میں آزمایا جائے گا اور اس کے بعد ہی نیٹ ڈرون عام ہوسکیں گے۔