تازہ شمارہ
Title Image
January 07, 2019
’’ واٹس ایپ‘‘: ڈیجیٹل کرنسی …!

’’ واٹس ایپ‘‘: ڈیجیٹل کرنسی …!

’’فیس بک‘‘ نے گزشتہ سال کے شروع میں کرپٹو کرنسی اشتہارات پر پابندی عائد کی تھی مگر یہ سوشل نیٹ ورک خود ڈیجیٹل کرنسی استعمال کرنے کے لیے تیار نظر آتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ’’فیس بک‘‘ کی جانب سے ایک ڈیجیٹل کرنسی تیار کی جارہی ہے جو کہ’’واٹس ایپ‘‘ صارفین رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال کرسکیں گے۔ اس کرنسی کو اسٹیبل کوائن کا نام دیا جارہا ہے اور اسے امریکی ڈالرز سے منسلک کیا جائے گا جو اسے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن جیسی دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں زیادہ مستحکم بنانے میں مدد دے گا۔ رپورٹ کے مطابق یہ کرنسی سب سے پہلے بھارت میں متعارف کرائی جاسکتی ہے جہاں ’’واٹس ایپ‘‘ کا منی ٹرانسفر فیچر کا ٹیسٹ کافی عرصے سے چل رہا ہے۔ ’’واٹس ایپ‘‘ کے بھارت میں 20کروڑ سے زائد صارفین ہیں اور بھارتی شہریوں نے 2017ء میں 69؍ارب ڈالرز بیرون ملک سے اپنے ملک بھیجے تھے۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ’’فیس بک‘‘ کی جانب سے اس طرح کے کسی منصوبے پر کام کیا جارہا ہو۔ اس کمپنی نے رواں گزشتہ برس مئی کے مہینے میں میسنجر ایپ کے سابق سربراہ ڈیوڈ مارکوس کو بلاک چین ڈویژن کی سربراہی دی تھی، جن کی ٹیم اس طرح کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔