January 07, 2019
کوچۂ انداز

کوچۂ انداز

فیشن میں کیا ’’اِن‘‘ ہے؟ یہ سوال ہم کس قدر پوچھتے ہیں، کبھی سہیلیوں سے اور کبھی ماہرین سے۔ اخبار اور میگزین کا مطالعہ بھی اسی خواہش میں کیا جاتا ہے کہ ممکن ہے کہ کسی نئے انداز کی خبر مل جائے۔ آج آپ کے اسی سوال کا جواب دینے کے لیے حاضر ہیں، لیکن یہ اطلاع ملبوسات سے متعلق نہیں بلکہ فیشن ایکسرسیریز اس کا مرکز ہیں۔ دیکھا جائے تو ملبوسات کا فیشن ہماری شخصیت کے مطابق ہی ترتیب دیا جاسکتا ہے، کوئی ایک انداز دنیا کی ہر خاتون کے لیے بہترین نہیں اور نہ ہی کوئی ڈیزائن ایسا ہے جو کسی پر بھی اچھا نہ لگے۔ اس لیے ملبوسات کو کچھ دیر کے لیے بھول جائیے اور ان کے علاوہ اپنی تیاری پر توجہ دیجئے، سب سے اہم چیز کیا ہے؟ زیور، گھڑی، بریسلٹ؟ مانا کہ یہ سب سے اہم نہیں لیکن یہ تین چیزیں آپ کی تیاری میں چار چاند لگانے کی صلاحیت کی حامل ہیں۔
سنجیدہ اور نفیس مزاج کی حامل خواتین کو چوڑی کنگن سے زیادہ گھڑی پسند ہوتی ہے لیکن بہترین گھڑی کا انتخاب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ گھڑی کے فیشن پر نظر بھی رکھی جائے۔ اگر آپ فیشن ایکسرسیریز کے نام پر صرف گھڑی باندھنا پسند کرتی ہیں اور دیگر جدید زیورات سے تعلق نہیں تو ہمارا مشورہ ہے کہ اب نئے فیشن کے مطابق اپنی کلائی کو سجا لیجئے، اس انداز میں سادگی بھی ہے اور اسٹائل بھی۔ کیونکہ یہ صرف ایک گھڑی پر مشتمل نہیں بلکہ اس کے ساتھ اس میں آپ کی شخصیت کی عکاسی کرتے دلفریب بریسلٹ بھی موجود ہیں۔ اس انداز کو بین الاقوامی سطح پر کافی پسند کیا جارہا ہے، البتہ آپ اسے اپنے مخصوص انداز میں اپنا سکتی ہیں۔ اگر آپ کو بیلٹ والی گھڑی پسند ہے تو اس کے ساتھ لیدر بیلٹ والے بریسلٹ پہننا بہتر ہوگا البتہ میٹل گھڑیوں کے ساتھ آپ نگینے سے سجے بریسلٹ کا انتخاب بھی کرسکتی ہیں۔ گھڑی کا فیشن سدا بہار ہے، یعنی یہ ہمیشہ فیشن کا حصہ ہوتی ہے لیکن اس کے ساتھ لوازمات کا اضافہ نیا انداز ہے، جسے اپنا کر آپ بھی فیشن ٹرینڈ کا حصہ بن سکتی ہیں۔ سہیلیو، نئے ٹرینڈ کے مطابق ایسی گھڑی مقبول ہورہی ہے جس کے ساتھ دویا تین جڑائو بریسلٹ بھی موجود ہوں۔ اگر آپ نے اب تک یہ انداز نہیں اپنایا تو ہمارا مشورہ ہے کہ دیر نہ کیجئے، یہ نیا انداز آپ کی شخصیت میں ایک اسٹائلش مگر نفیس تاثر پیدا کرے گا اور آپ اپنی گھڑی اور اس کے ساتھ موجود بریسلٹ کی طرح جگمگانے لگیں گی۔ گھڑی کے رنگ بھی اس سلسلے میں اہم ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے لباس کے ہم رنگ، گھڑیاں فیشن کا حصہ تھیں، آج بھی یہ انداز پسند کیا جارہا ہے، لیکن اس کے ساتھ میٹالک رنگ مثلاً گولڈن، سلور، روز گولڈ اور کوپر رنگ ٹرینڈ میں ہیں۔ آپ کے پاس یقیناً ایک سنہری گھڑی ہوگی، یہ خواتین کے جیولری بکس کا لازمی حصہ قرار دی جاتی ہے، آپ اس کے ساتھ نئے بریسلٹ لے سکتی ہیں، اس طرح پرانے انداز کو نئے طریقے سے اپنانا اور دلکش تاثر پیدا کرنا مشکل نہ رہے گا۔ تصویر میں گھڑی کا جو انداز دکھایا گیا ہے وہ سلور اور وائٹ کے دلفریب اور نفیس امتزاج پر مبنی ہے، جڑائو نگینے سے سجی گھڑی، ساتھ میں چمکدار بریسلٹ خوب جچ رہا ہے، آپ اس کے علاوہ اپنا کوئی من پسند امتزاج بھی اپنا سکتی ہیں، بس توجہ کی ضرورت ہے!