January 07, 2019
ہیئر اسٹائل ایسے بنایئے

ہیئر اسٹائل ایسے بنایئے

ایک وقت تھا جب لمبے گھنے بال خوبصورتی کی علامت تھے، ان کو مشرقی دوشیزہ کی خاص پہچان مانا جاتا تھا، یہ دلکشی اور کشش کے استعارہ تھے لیکن پھر زمانہ بدلا، فیشن نکھرا اور چھوٹے بال اور ان پر مبنی ہیئر اسٹائل اپنائے جانے لگے، طرح طرح کے جوڑے اور ہیئر بن مقبول عام ہوئے اور چوٹی، اس میں سجے پھول کا وہ پرانا اور من موہنی سا انداز کہیں کھو گیا جو ہمیشہ سے مشرقی انداز کا حصہ تھا۔
آج خواتین میں چھوٹے بال نہ صرف خوب پسندیدگی حاصل کر چکے ہیں بلکہ لمبی گھنی زلفوں کو ایک پریشانی بھی خیال کیا جاتا ہے۔ یہ بھی مانا جاتا ہے کہ چھوٹے بالوں کو سنبھالنا اور ان کی دیکھ بھال آسان ہے جبکہ لمبے بال روز مرہ مصروف معمول میں بڑی رکاوٹ۔
شاید اسی لیے مصروف خواتین اپنے بال چھوٹے کرنے میں دیر نہیں کرتیں اور ایسے شارٹ ہیئر اسٹائل کی تلاش میں رہتی ہیں جن کو اپنا کر وہ خوب فیشن ایبل بھی نظر آئیں البتہ چھوٹے بالوں کی مقبولیت کے باوجود آج بھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ لمبی گھنی اور ریشمی زلفیں آئوٹ آف فیشن ہوگئی ہیں۔
حقیقت تو یہ ہے کہ وہ خواتین جو لمبی زلفوں کی محبت میں مبتلا ہیں، ان کو کسی بھی قسم کی آسانی لبھا نہیں سکتی، وہ تو سردی ہو یا گرمی، دھول ہو یا مٹی، ہر حال میں اپنی زلف سنوارنے، ا س کا خیال رکھنے کی ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار رہتی ہیں کیونکہ وہ جانتی ہیں کہ زلفوں کو سنوارنے اور سنبھالنے کا ایک آسان طریقہ، دلکش چوٹی میں بھی چھپا ہے۔ ایسی ہی خواتین کے لیے نئے چوٹی اسٹائل ترتیب دیئے جاتے ہیں، جن کو اپنا کر لمبے گھنے بال سنوارنا آسان ہوجاتا ہے، چوٹی ہیئر اسٹائل کے کچھ انداز دنیا بھر میں پسندیدہ ہیں، جن میں فرینچ بریڈ، مرمیڈ بریڈ اور فش ٹیل بریڈ خاص طور پر قابل ذکر ہیں، جل پری کے انداز سے سجا مرمیڈ بریڈ اسٹائل نوجوان دوشیزائوں میں خاص طور پر بہت مقبول ہے، آپ کی دلچسپی کے لیے 6ترتیب وار مراحل میں یہ انداز یہاں بیان کیا جارہا ہے۔ آئیے جانتے ہیں Mermaid Braid اپنانے کا آسان اور سادہ طریقہ کیا ہے۔

سب سے پہلے بالوں میں شیمپو کیجئے، کنڈیشنر کرنا بھی اچھا ہے کہ اس کی مدد سے بالوں میں خاص چمک اور تازگی آجائے گی، بال خشک ہوجائیں تو ان کو کنگھی کر کے سلجھا ئیے اور کرلنگ آئرن کی مدد سے گھنگریالے کر لیجئے۔

یوں تو سیدھے بالوں میں بھی مرمیڈ بریڈ بنائی جاسکتی ہے لیکن بہتر یہ ہے کہ بال گھنگریالے ہوں، اس طرح بال زیادہ گھنے اور پرکشش لگیں گے۔ اب کنگھی کی مدد سے اوپری جانب موجود بالوں کا ایک بڑا حصہ علیحدہ کیجئے۔

علیحدہ کیے ہوئے حصے کو ایک ڈھیلی ڈھالی چوٹی کی صورت میں نیچے تک باندھ لیجئے، مرمیڈ بریڈ ایسے بالوں میں زیادہ خوبصورت نظر آتی ہے جو دو رنگوں میں رنگے گئے ہوں۔ کتھئی رنگ کے ہی دو گہرے شیڈ بھی مناسب انتخاب ہوں گے۔

اب درمیان میں بندھی چوٹی میں ترتیب وار دونوں جانب سے بال کی ایک ایک لٹ باندھ لیجئے۔ پہلے ایک جانب سے بال کی ایک لٹ لیجئے اور اسے چوٹی کے درمیان سے گزار کر دوسری جانب لے جائیے پھر دوسری لٹ لیجئے۔

جیسا کہ تصویر نمبر 5میں دکھایا گیا ہے، ترتیب وار بالوں کی نازک لٹ کو چوٹی کے درمیان سے گزار کر باندھنا ہے، بال کی لٹ، چوٹی کے ساتھ باندھنے سے پہلے اسے اچھی طرح گھما کر لپیٹ بھی لیں، اس طرح بال اور چوٹی کا تاثر خوبصورت نظر آنے لگے گا۔

جب تمام بال ایک ہی چوٹی سے بندھ جائیں تو ان کو کھینچ کر کچھ ڈھیلا ڈھالا کردیں، اس طرح بال آسانی سے بندھے اور پرکشش نظر آئیں گے۔ مرمیڈ بریڈ تیار ہے، آزما کر دیکھ لیجئے۔ خوبصورت مشرقی ملبوسات کے ساتھ ان کا تاثر اور بھی گہرا ہوجاتا ہے۔