تازہ شمارہ
Title Image
January 07, 2019
’’بگ باس‘‘ کی فاتح دپیکا ککڑ

’’بگ باس‘‘ کی فاتح دپیکا ککڑ

معروف متنازع بھارتی رئیلیٹی شو ’’بگ باس‘‘ کا بارہواں سیزن منی اسکرین کی مقبول اداکارہ دپیکا ککڑ نے جیت لیا ہے۔ گزشتہ برس ستمبر کے مہینے میں شروع ہونے والے شو میں 17افراد کو ’’بگ باس‘‘ ہاؤس میں داخل کیا گیا تھا اور اس کے فاتح کے لیے 50لاکھ بھارتی روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ فائنل تک گھر والوں کی تعداد کم ہو کر صرف پانچ رہ گئی تھی، جن میں دپیکا ککڑ، سری سانت، رومیل چوہدری، کرن ویر بوہرہ اور دیپک ٹھاکر شامل تھے۔ فائنل میں پہلے کرن ویر بوہرہ اور رومیل چوہدری کو ’’بگ باس‘‘ ہاؤس سے باہر کیا گیا جبکہ باقی بچ جانے والوں کو 20 لاکھ روپے لے کر شو چھوڑنے کی پیشکش کی گئی، جسے دیپک ٹھاکر نے قبول کرلیا۔ آخر میں دپیکا ککڑ اور سابق کرکٹر سری سانت کے درمیان مقابلہ تھا۔ سلمان خان نے اعلان کیا کہ دپیکا ککڑ ’’بگ باس‘‘ 12 کی فاتح ہیں اور انہوں نے سری سانت سے زیادہ ووٹ اپنے نام کیے۔ اس شو میں شرکت کرنے والے تقریباً تمام کردار کسی نہ کسی طرح متنازع رہ چکے ہیں۔ شو میں کامیابی کے بعد دپیکا نے کہا ’’میں اس شو میں کامیابی پر اپنے مداحوں کی شکرگزار ہوں، ان کی سپورٹ کے بغیر ایسا ممکن نہیں تھا۔‘‘  دپیکا ککڑ کو ڈیلی سوپ ’’سسرال سمر کا‘‘ سے مقبولیت حاصل ہوئی تھی اور انہوں نے گزشتہ برس اپنے ڈرامے کے ساتھی اداکار شعیب ابراہیم سے شادی کرکے اسلام قبول کرلیا تھا۔ انہوں نے اپنا نام بھی فائزہ رکھ لیا ہے لیکن شوبز میں انہیں دپیکا کے نام سے ہی مقبولیت حاصل ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران دپیکا نے کہا تھا کہ ’’جو سچ ہے، وہ ہے، یہ حقیقت ہے میں نے اسلام قبول کرلیا ہے، مگر کیوں اور کب ایسا ہوا، اس بارے میں بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ میرے خیال میں یہ نجی معاملہ ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ میڈیا کے سامنے اس بارے میں کچھ کہنا چاہئے۔‘‘شو کی کامیابی کے بعد دپیکا سب سے پہلے اجمیر شریف جا کر اپنی منت پوری کریں گی۔