تازہ شمارہ
Title Image
January 07, 2019
میرا سارا پیار فلموں کیلئے ہے، عالیہ بھٹ

میرا سارا پیار فلموں کیلئے ہے، عالیہ بھٹ

سالِ نو کے آغاز پر عالیہ بھٹ، گزشتہ سال کو یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ یہ دور ان کیلئے خاصا آزمائشی ثابت ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران وہ متواتر کام میں مصروف رہیں اور کبھی کبھار بہت تھک بھی گئیں لیکن جس بات نے ان کی ہمت بندھائے رکھی اور انہیں آگے بڑھتے رہنے پر مجبور کیا وہ فلموں سے ان کا پیار ہے۔ حال ہی میں انہوں نے ایک فلم ’’کلنک‘‘ کی شوٹنگ مکمل کروائی۔ شوٹنگ کے اس انتہائی مصروف شیڈول کی تکمیل کے بعد عالیہ نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر لکھا کہ گزشتہ سال ان کی زندگی کا سب سے زیادہ آزمائشی دور تھا۔ اس دوران انہوں نے صرف اور صرف کام پر توجہ دی اور متواتر مصروف رہیں۔ یہاں تک کہ ایک وقت ایسا بھی آیا کہ جب انہیں ایسا محسوس ہونے لگا کہ اب وہ مزید کام نہیں کرسکتیں، لیکن جس چیز نے ان کی ہمت ٹوٹنے نہیں دی وہ فلموں کیلئے ان کی محبت ہے۔ عالیہ کا کہنا ہے کہ اس دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا اور اب گو کہ نیا سال آچکا ہے لیکن ان کے پاس اب بھی چھٹی منانے کا وقت نہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال کے دوران عالیہ اور رنبیر کپور کے رومانس کی افواہیں مسلسل گردش میں رہیں، تاہم عالیہ نے اس قسم کی خبروں کو نظر انداز کرتے ہوئے فلموں کو اپنا پیار قرار دیا۔ ان کے پاس اس وقت تین فلمیں ہیں جن میں سے ایک ’’گلی بوائے‘‘ ہے۔ اس میں وہ رنویر سنگھ کے ہمراہ جلوہ گر ہورہی ہیں۔ جبکہ ان کی فلم ’’کلنک‘‘ میں ان کے ساتھ مادھوری ڈکشٹ، سوناکشی سنہا، ورون دھون، ادیتا رائے کپور اور سنجے دت جیسے سینئر اداکار موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور فلم ’’برہمستر‘‘ میں وہ رنبیر کپور کے مقابل کام کریں گی۔