January 21, 2019
موسم کے گیت اور نگاہوں کے یہ انداز … فرینہ اعجاز

موسم کے گیت اور نگاہوں کے یہ انداز … فرینہ اعجاز

فرینہ اعجاز، پرکشش اور پراعتماد، ماڈل ورسٹائل اداکارہ اور آگے بڑھنے کی لگن سے بھرپور ہوسٹ ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی فرینہ کا برج سنبلہ (اسٹار Virgo) ہے۔ اُنہیں شوبزنس میں کام کرتے ہوئے چھ سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ اُنہوں نے بطور فیشن ماڈل اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ مختلف برانڈز کے لیے فیشن شوٹس کروائے، فیشن کے ریمپ پر بڑی بڑی ماڈلز کے ساتھ، کیریئر کی ابتدا میں ہی اُنہیں کیٹ واک کے مواقع ملنا شروع ہوئے تو فرینہ نے ان ابتدائی کامیابیوں کو اپنی منزل نہیں سمجھا بلکہ نشان منزل سمجھ کر آگے بڑھتی رہیں۔ وہ اب تک نہ صرف مشرقی اور مغربی ملبوسات کی ماڈلنگ کرچکی ہیں، بلکہ برائیڈل شوٹس کے دوران بھی، وہ فوٹوگرافرز کی اوّلین چوائس ہیں۔
فرینہ کہتی ہیں کہ میں خود کو مکمل طور پر ڈائریکٹرز اور کوریوگرافرز کی مرضی پر چھوڑ دیتی ہوں، مجھے پتہ ہوتا ہے کہ بعض ڈریسز مجھ پر شاید اچھے نہ لگیں، مگر کیونکہ میرے پروفیشن کی ڈیمانڈ ہے، لہٰذا میں وہ ڈریسز بھی پورے اعتماد کے ساتھ پہنتی ہوں اور جب دیکھنے والوں کی طرف سے اچھا رسپانس آتا ہے تو میرے اعتماد میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
فرینہ کا کہنا ہے کہ آج کل کی ماڈلز، اکثر اپنے کام پر کم اور شوز آرگنائز کرنے، میک اَپ آرٹسٹ بننے یا کوریوگرافی کے کام میں زیادہ دلچسپی لینے لگی ہیں۔ یہ وہ ماڈلز ہوتی ہیں جنہیں خود پر بھروسہ نہیں ہوتا اور وہ جانتی ہیں کہ جلد یا بدیر، اُنہیں کام ملنا بند ہوجائے گا، حالانکہ میری سوچ اس سے مختلف ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ مستقبل پر نظر ضرور رکھنا چاہیے اور اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے کہ ماڈل کی عمر تتلی جتنی ہوتی ہے مگر آپ جب تک فیشن ماڈلنگ کررہے ہیں تو اس کام پر پوری توجہ مرکوز رکھنا ہی اس کام کا بنیادی تقاضا ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ ٹی وی پر میزبانی کا تجربہ وہ کرچکی ہیں اور ان دنوں ایک نجی چینل سے بطور ہوسٹ کسی شو کے لیے ان کی بات چیت بھی جاری ہے، اس دوران وہ ڈراموں میں اداکاری بھی کررہی ہیں، اگرچہ اُنہوں نے سیریلز کم کی ہیں اور ناظرین اُنہیں ’’کیا مول ہے میرا‘‘ جیسے بڑے سیریل میں بھی کام کرتا دیکھ چکے ہیں، مگر ان کی ترجیح عموماً مختصر اور انفرادی ڈرامے رہے ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ یکسوئی کے ساتھ اپنے کریکٹر کو محنت سے پرفارم کرسکیں، بڑے اور طویل المعیاد سیریلز میں وقت بھی زیادہ لگتا ہے اور یکسوئی بھی برقرار نہیں رہتی۔
وہ کہتی ہیں کہ ماڈلنگ میرا پہلا عشق ہے، ٹی وی سیریلز اور سٹکامز میں کام کرنے سے آپ اِن رہتے ہیں اور شہرت کے ساتھ ساتھ معاوضہ بھی اچھا ملتا ہے مگر آنے والا وقت نیوز اینکرز کا ہے اس لیے وہ جلد خود کو اس سانچے میں ڈھالنے کیلئے کوشاں ہیں۔
دو سال قبل جب ایک وکیل صاحب سے فرینہ کا نکاح ہوا تو اُنہوں نے یہ خبر کسی سے نہیں چھپائی اور اپنے خوابوں کے شہزادے کو سب سے متعارف کروا دیا تھا۔ پھر ان کی شادی بھی ہوگئی اور اب وہ ایک بچے کی والدہ ہیں، اس دوران اُنہوں نے چند ماہ کے لیے شوبزنس کی سرگرمیوں سے بریک بھی لیا تھا، لیکن گھر والوں کی حوصلہ افزائی اور شوہر کی اجازت سے ایک بار پھر وہ اپنے کام میں ’’اِن‘‘ ہوچکی ہیں۔ ان دنوں ان کے دو سٹکامز آن ایئر ہیں۔ ایک کا نام ’’مرچیاں‘‘ ہے جسے قاسم لطیف نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اس میں فرینہ کے ساتھ اسماعیل تارا، مائرہ خان اور گل رعنا جیسے سینئر فنکار بھی کام کررہے ہیں۔ ایک اور سٹ کام ’’چٹپٹا چوک‘‘ ہے جسے سلمان (نومی) نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس میں فرینہ کے ساتھ ساتھ نیر اعجاز اور سونیا راؤ وغیرہ بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
فرینہ کو اپنے کام سے لگاؤ ہے، وہ ملبوسات کے علاوہ اگر جیولری، پرس یا شوز کی ماڈلنگ بھی کررہی ہوں تو ڈوب کر ماڈلنگ کرتی ہیں، وہ ناصرف بھارتی اور پاکستانی ماڈلز کو فالو کرتی ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہونے والے فیشن شوز کی ویڈیوز دیکھنا ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ جہاں جہاں سے اُنہیں اچھے ٹپس ملیں، وہ اُنہیں اپنے پلو سے باندھتی جائیں۔ آمنہ الیاس، ارج اور ماہ نور بلوچ ان کی پسندیدہ ماڈلز ہیں، مگر بچے کی پیدائش کے بعد، جس طرح اُنہوں نے چند مہینے اپنی سپر فٹنس بحال کی اور کام پر چلی آئیں، اسے دیکھ کر ان کے ساتھی، اُنہیں دورِجدید کی نادیہ حسین جونیئر کہہ کر بھی چھیڑتے ہیں۔
فرینہ کو وہ لوگ زیادہ پسند ہیں جو ان کی بے جا تعریف ہی نہ کرتے ہوں بلکہ ان پر جائز تنقید بھی کریں۔ اُنہیں اپنی شخصیت کا سب سے مضبوط پہلو، اپنی مسکراہٹ اور تاثرات سے بھرپور آنکھیں لگتی ہیں۔ شوخ نگاہوں سے موسم کے گیت گنگنانے کا فن شاید وہ غیر محسوس طور پر سیکھ گئی ہیں۔ اپنے آپ کو فٹ رکھنے کے لیے، وہ عام ماڈلز کی طرح حد سے زیادہ ڈائٹنگ پر یقین نہیں رکھتیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ روٹین کی ورزش یا ہلکی پھلکی ڈائٹنگ کے علاوہ وہ سب کھاتی ہیں جو من میں آتا ہے کرتی ہیں اور زندگی کو اس کے تمام رنگوں کے ساتھ بھرپور انداز میں انجوائے کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔