January 28, 2019
انسانی دماغ :کائنات کا پیچیدہ ترین اسٹرکچر

انسانی دماغ :کائنات کا پیچیدہ ترین اسٹرکچر

قسط : 43
آپ کا دماغ ایک انتہائی حیران کن چیز ہے۔ انسان اب تک کائنات کو جس حد تک جان سکا ہے اس کائنات میں انسانی دماغ سب سے زیادہ پیچیدہ ڈھانچہ یا اسٹرکچر سمجھا جاتا ہے اور کئی عشروں سے سائنسدان دماغ کی باریک باریک پرتوں کو کھول کر اس کے اندر جھانکنے اور اس کی حقیقت سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ کن چیزوں سے مل کر بنا ہے اور یہ کس طرح کام کرتا ہے۔ ہمارا دماغ ایک برقی اور کیمیائی سرکٹ ہے اور اعصابی خلیات یا نیورونز (Neurons) اس کے پرزے ہیں۔ ان میں ہر ایک خلیے کا اپنا جسم ہوتا ہے جس میں ان کا جینیاتی کوڈ اور عصبی خلیے کا دھاگے جیسا لمبا جزو (Axon) ہوتا ہے جو برقی سگنلز آس پاس کے خلیات تک پہنچاتا ہے اور شاخوں میں بٹے ہوئے پروسیسرز ہوتے ہیں جن کو Dendrites کہتے ہیں اور یہ ہزاروں کی تعداد میں دیگر نیورونز سے آنے والے سگنلز وصول کرتے ہیں۔ یہ اعصابی خلیات اتصالی مقامات پر جڑے ہوتے ہیں جنہیں Synapses کہا جاتا ہے۔ جب کوئی پیغاماتی لہر پہنچتی ہے تو ڈھیر سارے سالمے خارج ہو کر پیغام کو آگے بڑھاتے ہیں۔ ہر نیورون سینکڑوں، ہزاروں کی تعداد میں رابطے کرتا ہے جس سے وہ پیچیدہ طرز تشکیل پاتا ہے جس سے انسانی سوچ یا خیال آگے بڑھتا ہے۔ دماغ میں اعصابی خلیات یا نیورونز کی بھی سینکڑوں مختلف قسمیں ہیں جنہیں ان کے منفرد ڈھانچے اور کارکردگی کی بنیاد پر الگ الگ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس قسم کے مزید خلیات کی دریافت کا سلسلہ بدستور جاری ہے تاہم یہ خلیات اپنے طور پر کام نہیں کر سکتے۔ انہیں Glial خلیات کے ایک نیٹ ورک کے ذریعہ سہارا ملتا ہے۔ یہ خلیات اپنے نام کی مناسبت سے گلو (Glue) یا گوند جیسے ہی ہوتے ہیں۔ Glial خلیات کی تین اہم قسمیں ہیں۔ Oligodendrocytes کی چربیلی شاخیں ہوتی ہیں جو برقی تاروں پر پلاسٹک کوٹنگ کی طرح اعصابی خلیات کے Axons کے گرد لپٹی ہوتی ہیں۔ اس سے انسولیشن کی ضرورت پوری ہوتی ہے اور پیغامات ایک دُوسرے میں گڈمڈ ہونے سے محفوظ رہتے ہیں۔ نیز اعصاب کی لڑی میں پیغامات کی ترسیل بھی تیز ہو جاتی ہے۔ دُوسری قسم کے Glial خلیات کو Microglia کہتے ہیں اور یہ جسم کے مدافعتی نظام کا حصہ ہوتے ہیں اور خلیے کے اندر صفائی کے عملے جیسا کام کرتے ہیں یعنی جراثیم یا وائرسیز کا سراغ لگاتے ہیں اور دماغ سے جھڑنے والے ملبے کو ٹھکانے لگاتے ہیں۔ ان کے علاوہ ستارے کی طرح کے Astrocytes ہوتے ہیں جو اعصابی خلیات اور خون کی نالیوں کے درمیان رابطے کا کام کرتے ہیں اور اپنے لمبے باریک بازوئوں کے ذریعہ غذائیت پہنچاتے ہیں، فاضل پیداوار کی صفائی کرتے ہیں اور کیمیکل سگنلنگ کا فریضہ بھی انجام دیتے ہیں۔