January 28, 2019
وزن کم کرنے کیلئے گرین کافی

وزن کم کرنے کیلئے گرین کافی

سبز چائے یا گرین ٹی کو بھول جائیے، یہ سال گرین کافی پینے کا سال ہے۔ یہ نظام ہضم کو تیز کرتا ہے، وزن کم کرنے میں مددگار ہے اور اس کی اینٹی آکسیڈنٹ خوبیوں کا تو کیا ہی کہنا۔ اب سوال یہ ہے کہ گرین کافی ہے کیا؟
گرین کافی دراصل کافی کے وہ بیج ہیں، جن کو روسٹ نہیں جاتا، سادہ الفاظ میں کہا جائے تو گرین کافی، کافی کا بنیادی، سادہ اور قدرتی انداز ہے۔ ہم عام طور پر جو کافی دیکھتے ہیں، وہ بھنی ہوئی ہوتی ہے، بھوننے کی وجہ سے ان کا رنگ کتھئی ہوجاتا ہے ۔
گرین کافی کے فائدے کیا ہیں؟
ماہرین کے مطابق، گرین کافی، بھنی ہوئی کافی کے مقابلے میں زیادہ مفید ہوتی ہے۔ ایسا کیوں ہے،اس بات کو سمجھنے کے لیے آپ کوکافی میں موجود اجزاء کی خصوصیات کو سمجھنا ہوگا۔ کافی کے ذریعے ہمیں دو فائٹو کیمیکلز ملتے ہیں، کیفین اور کلوروجینک ایسڈ، بھوننے کے دوران کافی میں سے کلوروجینک ایسڈز کی کچھ مقدار ضائع ہوجاتی ہے، جو دراصل اینٹی آکسیڈنٹس کا ذخیرہ ہیں، اینٹی آکسیڈنٹس ہمارے جسم میں آکسیجن جذب کرنے اور جسم سے فاسد مادے باہر نکالنے کا کام کرتے ہیں۔ اس لیے جب کافی کو اس کی قدرتی حالت یعنی گرین کافی کے انداز میں استعمال کیا جاتا ہے تو یہ کلوروجینک ایسڈز کی زبردست مقدار ہمارے جسم میں شامل کرنے کا سبب بنتی ہے اور یہ مناسب مقدار جسم کو دل کے امراض، الزائمرز، ذیابیطس ٹائپ 2اور دوسرے سوزشی امراض سے بچانے کا سبب بن جاتی ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ کلوروجینک ایسڈ، انسولین ریززٹنس کا مسئلہ حل کرنے، جسم میں Fatsکی بڑی مقدار جذب ہونے سے روکنے، جگر میں Fatsہضم کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ گرین کافی میں روسٹڈ کافی کے مقابلے میں کیفین کی مقدار بھی کم ہوتی ہے۔
گرین کافی کیسے استعمال کی جائے؟
گرین کافی پائوڈر پانی میں ملا کر پیا جاسکتا ہے، لیکن خیال رہے پائوڈر میں کافی کے بیج کے مقابلے زیادہ کیفین موجود ہوتا ہے۔ نان روسٹڈ گرین کافی بینز کو کافی گرائنڈر میں پیسنا، عام کافی کے مقابلے زیادہ مشکل ہے۔ اس کے ساتھ ہلدی کا امتزاج بہترین ثابت ہوگا کہ یہ کافی کے فوائد دوچند کرنے کا سبب ہوگی۔ اگر آپ فٹنس ورک آئوٹ سے پہلے کیفین کی کچھ مقدار حاصل کرنا چاہتے ہیں تو یہ خواہش اس کی مدد سے پوری ہو جائے گی، البتہ سستی بھگانے اور بھرپور توانائی کے حصول کے لیے جو کہ عام طور پر روسٹ کافی سے ملتی ہے، گرین کافی سے حاصل کرنا مشکل ہے، گرین کافی تیزرفتار اور توانائی کے فوری جھٹکے کے لیے نہیں البتہ اس میں صحت کو بہتر بنانے کی زبردست خوبیاں موجود ہیں، جن کو باقاعدہ استعمال کرنے کے بعد حاصل کیا جاسکتا ہے۔