February 04, 2019
ٹرینڈز موسم بہار کے

ٹرینڈز موسم بہار کے

موسم بہار کی آمد ہے اور اس موسم میں اپنے کپڑوں پر توجہ دینا نہایت اہم ہے لیکن کیا آپ نے موسم کی تبدیلی کے ساتھ اپنی وارڈ روب تبدیل کرنے پر غور کیا؟
دنیا بھر میں موسم بہار کی آمد سےپہلے ہی، فیشن ٹرینڈ کا چرچا شروع ہوچکا ہے۔ پیرس، نیویارک ہو یا پاکستان اور دیگر مشرقی ممالک ہر جگہ، خوش رنگ ملبوسات کو پسندیدگی حاصل ہے، لاتعداد انداز متعارف کروائے جارہے ہیں اور ان کو اپنانے کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔ آپ کی دلچسپی کے لیے آج دنیا بھر میں یکساں طور پر پسند کیے جانے والے اسپرنگ فیشن ٹرینڈز کی بات کرتے ہیں۔ امید ہے آپ کو بھی یہ انداز اچھے لگیں گے۔ بات وہی ہے کہ فیشن کی تقلید کرنا ہر خاتون کا حق ہے تاہم فیشن کو اس طرح اپنانا کہ آپ کی شخصیت کِھل اٹھے، یہی آپ کا ہنر ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ روپ وہی جو ہر نظر کو بھائے۔

ٹائی ڈائی
ٹائی اینڈ ڈائی سے تیار کیے گئے ملبوسات ٹرینڈی ہی نہیں بلکہ روایتی مشرقی انداز کا حصہ بھی ہیں۔ ان کو دلفریب امتزاج کے ساتھ اپنا کر آپ بھی موسم بہار کا حصہ بن سکتی ہیں۔ کبھی دوپٹہ ٹائی اینڈ ڈائی لیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ قمیض شلوار سادہ رکھی جاتی ہے تو کبھی دوپٹہ سادہ اور قمیض یا فراک کو ٹائی اینڈ ڈائی سے مزین کیا جاتا ہے۔ اب یہ آپ کی پسند پر منحصر ہے کہ آپ کب کونسا انداز اپناتی ہیں۔
چیک پرنٹ
یہ ایسا اسٹائل ہے جسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ بیرون ملک چیک پرنٹ شرٹس اور پینٹ سوٹ مقبول ہیں تو پاکستان میں اس کپڑے کی قمیض، فراک، انارکلی اور ساڑی کو خوب پسندیدگی حاصل ہے۔ اس موسم بہار، آپ بھی یہ انداز اپنا لیجئے، نفیس انداز اور باوقار لباس پہن کر آپ کی شخصیت سج جائے گی۔
لال رنگ
لال رنگ کو اگر رنگوں کا سرتاج کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ یہی رنگ زندگی اور جذبات کی علامت سمجھا جاتا ہے تو اس کی وجہ اس کا گرم جوش اور بھرپور تاثر ہے۔ اسے پہننے والی ہر عورت زندگی کی حرارت سے گویا ایک دم چمک اٹھتی ہے۔ اس رنگ کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ اس کا فیشن ہر دور اور ہر موسم میں رہتا ہے۔ جو خواتین لال رنگ پہننے سے گریز کرتی ہیں، ان کیلئے مشورہ ہے کہ ایک بار وہ اسے آزما کر ضرور دیکھیں۔
مکس پرنٹ
پرنٹیڈ ملبوسات ہمیشہ فیشن میں اِن رہتے ہیں۔ پھول دار ملبوسات میں مکس پرنٹ کو سب سے زیادہ مقبولیت حاصل رہی ہے بالخصوص لڑکیاں مکس پرنٹس کی مدد سے اپنے لباس میں جدت لاتی رہتی ہیں۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ بڑی عمر کی خواتین مکس پرنٹس نہیں پہن سکتیں، مکس اینڈ میچ پرنٹس کا جادو ایسا ہے کہ جو سب خواتین پر سجتا ہے، اہمیت صرف آپ کے انداز کی ہے۔
نیون
چمکتے دمکتے اور نگاہوں کو خیرہ کرتے نیون کلرز ان دنوں ایک بار پھر فیشن میں مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔ نیون کلرز کی خاصیت بھی یہی ہے کہ یہ زندگی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اگر یقین نہ آئے تو نیون رنگ سے سجا کوئی ملبوس پہن کر کسی محفل میں جائیں، سب کی گردنیں آپ کی ہی جانب نہ گھوم جائیں تو کہیئے گا۔