February 11, 2019
’’وزرات خارجہ کی زبیدہ آپا‘‘

’’وزرات خارجہ کی زبیدہ آپا‘‘

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جو آئندہ چند ماہ میں اپنی ذمہ داریوں سے ریٹائر ہونے والی ہیں۔ جہاں اُن کی اعلیٰ ترین کارکردگی اور اہم ذمہ داریوں کے حوالے سے اُنہیں یاد رکھا جائے گا، وہاں اُن کا یہ منفرد اعزاز بھی پاکستان کی سفارتی تاریخ اور وزارت خارجہ کے ریکارڈ میں ہمیشہ کے لیے محفوظ رہے گا کہ وہ پاکستان کی پہلی خاتون سیکرٹری خارجہ تھیں۔ اس سے قبل حنا ربانی کھر پاکستان کی پہلی خاتون وزیر خارجہ بننے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔ محترمہ تہمینہ جنجوعہ نے سفارتی حوالوں سے اپنے ملک کے لیے جو خدمات انجام دیں، اُن کا تفصیلی تذکرہ تو بعد میں کیا جائے گا، تاہم ایک شفیق خاتون ہونے کے ناتے یہ واقعہ اُن کی شخصیت کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ خارجہ اُمور کی پارلیمانی کمیٹی کے ایک اجلاس میں شیری رحمٰن جو کمیٹی کی رکن ہیں، بمشکل تمام چلتے ہوئے اجلاس میں پہنچیں تو تہمینہ بی بی فوراً اُن کے پاس گئیں اور احوال دریافت کیے، جس پر شیری رحمٰن نے اُنہیں بتایا کہ اُن کے پاؤں میں موچ آگئی ہے، جس پر تہمینہ جنجوعہ نے اُن کی مزاج پرسی کرتے ہوئے اُنہیں تکلیف سے نجات کے لیے چند دیسی مشورے دیئے، جن میں یہ مشورہ بھی شامل تھا کہ ’’دودھ میں ہلدی ڈال کر پینے سے تکلیف جلد رفع ہوجاتی ہے‘‘ جس پر بعض شرکاء نے محترمہ تہمینہ جنجوعہ کو وزارت خارجہ کی ’’زبیدہ آپا‘‘ کا خطاب دے دیا۔ یاد رہے کہ زبیدہ آپا، جو انتہائی علم دوست گھرانے کی محترم خاتون تھیں، مختلف ٹی وی پروگرامز میں دیسی ٹوٹکے بتانے کے حوالے سے انتہائی معروف تھیں۔