February 11, 2019
پاک، چین دوستی عوامی رشٹوں میں بدلنے لگی

پاک، چین دوستی عوامی رشٹوں میں بدلنے لگی

چین اُن ممالک میں سرفہرست ہے، جس کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات محض دونوں حکومتوں کی سطح پر ہی نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے عوام بھی دوستی اور محبت کے تعلق میں جڑے ہیں۔ عوام کی سطح پر شہد سے زیادہ میٹھی یہ دوستی اب رشتوں میں تبدیل ہورہی ہے اور دونوں ملکوں کے حوالے سے اب ایسی خبریں بھی آنا شروع ہوگئی ہیں کہ چینی دوشیزہ نے پاکستانی لڑکے سے شادی کرلی یا چینی لڑکا پاکستانی دوشیزہ کو دل دے بیٹھا اور رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ گزشتہ دنوں ایک ایسی ہی شادی پشاور میں ایک چینی نوجوان شولونگ کی پاکستانی لڑکی فاطمہ سے ہوئی۔ چینی سفارتخانے کے ایک افسر لیجن ژاؤ نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی ہیں۔ شادی کی تقریب پاکستانی رسوم و رواج کے مطابق ہوئی۔ اس سے قبل دولہا شولونگ نے اسلام قبول کیا تھا اور اپنی دلہن کی فرمائش پر اپنا اسلامی نام ’’اذان‘‘ رکھا تھا۔ شادی کی تقریب میں شولونگ اور فاطمہ دونوں کے والدین اور خاندان کے دوسرے افراد بھی موجود تھے۔ شولونگ نے شادی کے موقع پر سنہرے رنگ کی شیروانی جبکہ اُن کی دلہن فاطمہ نے سرخ رنگ کا عروسی جوڑا پہنا تھا۔ رواں ماہ میں ژوان لنگ نامی ایک اور چینی نوجوان نے بھی، جو پاکستان میں بطور سول انجینئر کام کرتا تھا، پاکستانی خاتون زینب سے شادی کی تھی، جن کی دوستی فیس بک پر ہوئی تھی جو محبت میں تبدیل ہوگئی اور دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا جبکہ گزشتہ سال بھی اسی طرح کی درجنوں شادیاں ہوئی تھیں۔