February 11, 2019
اگر ہڈی ٹوٹ جائے…۱

اگر ہڈی ٹوٹ جائے…۱

اگر ہڈی مکمل طور پر ٹوٹ جائے یا دو حصوں میں تقسیم ہوجائے یا ہڈی میں بال یا درز پڑجائے، جسے فریکچر (Fracture) بھی کہتے ہیں تو ان دونوں صورتوں میں ہڈیوں کے جڑنے میں یا انہیں مندمل ہونے میں وقت لگتا ہے۔ اگر ہڈی میں صرف فریکچر ہوا ہو تو ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ اسے سیدھا رکھا جائے اور جب تک ٹوٹی ہوئی ہڈی ٹھیک نہ ہو اس پر کسی قسم کا دبائو نہ ڈالا جائے لیکن اگر ہڈی ایک سے زیادہ حصے میں ٹوٹ گئی ہے تو پھر ہڈی میں دھاتی پنوں کو داخل کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے تاکہ ہڈی کو ایک سیدھ میں رکھا جاسکے یا پھر ٹوٹی ہڈی کو ڈھانپنے کیلئے دھاتی پلیٹوں کی بھی ضرورت ہوسکتی ہے جو ہڈیوں کو جوڑنے میں مددگار ہوتی ہیں۔ ہڈی اس طرح جڑتی ہے کہ جہاں سے یہ ٹوٹی ہے یا اس کا فریکچر ہوا ہے وہاں نئے خلیات اور بہت چھوٹی خون کی نالیاں بنتی ہیں اور پھر یہ سب نئے سرے سے ایک دوسرے سے مل جاتی ہیں۔ زیادہ تر ہڈی ٹوٹنے یا فریکچر کی صورت میں جسم کے باہر ہڈی کے گرد پلاسٹر کیا جاتا ہے تاکہ ہڈی پر کوئی دبائو نہ پڑے اور اسے مزید کوئی نقصان نہ پہنچے اور یہ وقت کے ساتھ مندمل ہوجائے۔
ٹوٹی ہڈّی کیسے جُڑتی ہے؟
ہر سال صرف امریکا میں فریکچر کے تقریباً ڈیڑھ کروڑ واقعات دیکھے جاتے ہیں۔ ہڈی ٹوٹ جائے تو جسم کا فوری ردّعمل یہ ہوتا ہے کہ متاثرہ ہڈی کے اِردگرد جو خون کی نالیاں ہوتی ہیں، ان سے رسائو شروع ہو جاتا ہے اور وہ فریکچر کے گرد جمع ہو کر پھٹکیاں بن جاتی ہیں۔ اسے ’’ہیماٹوما‘‘ (Hematoma) کہتے ہیں جس میں پروٹین کی جالیاں ہوتی ہیں اور ہڈی ٹوٹنے کے نتیجے میں جو خلا پیدا ہوتا ہے، اسے یہ جالیاں عارضی طور پر بھر دیتی ہیں جس کے بعد جسم کا مدافعتی نظام متحرک ہوتا ہے اور سوزش کو تحریک دیتا ہے جو زخم کو ٹھیک کرنے کا ایک ضروری عمل ہوتا ہے۔ مدافعتی نظام کی پکار پر آس پاس کے ٹشوز، ہڈی کے گودے اور خون میں موجود اسٹم خلیات فریکچر کی جگہ پر پہنچتے ہیں۔ یہ خلیات ٹھوس اور نرم چبنی ہڈی (Cartilage) کی تشکیل میں کردار ادا کرکے ٹوٹی ہوئی ہڈی کے جڑنے میں مدد کرتے ہیں۔ نئی ہڈی کی تشکیل کا کام زیادہ تر ٹوٹی ہڈی کے کناروں پر شروع ہوتا ہے۔ ٹوٹے کناروں کے درمیان خالی جگہ کو بھرنے کیلئے یہ خلیات نرم کرکری ہڈی تیار کرتے ہیں۔ عام طور پر زخم یا چوٹ لگنے کے 8 دن بعد کرکری ہڈی یا Soft Callus کی تشکیل اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے، تاہم یہ نرم ہڈی اتنی مضبوط نہیں ہوتی ہے کہ ہماری روزمرہ زندگی میں ہڈی کو جس قسم کے دبائو کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہ اسے برداشت کر سکے۔ اس نرم ہڈی کی جگہ کچھ دنوں بعد ایک سخت ہڈی جیسا Callus لے لیتا ہے اور زخمی ہونے کے تین سے چار ہفتے بعد نئی بالغ ہڈی کی تشکیل شروع ہوتی ہے۔ اس عمل کے مکمل ہونے میں 6ہفتے سے ایک سال تک لگ سکتا ہے۔