February 11, 2019
ہلکا ترین سیٹلائٹ بھارتی منصوبہ

ہلکا ترین سیٹلائٹ بھارتی منصوبہ

بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دنیا کی سب سے ہلکی سیٹلائٹ مدار میں بھیج رہا ہے۔ صرف 1.2 کلوگرام وزنی کلامسیٹ V-2 نامی یہ سیٹلائٹ خلائی تعلیمی ادارے کے طلبہ نے بنائی ہے۔ بھارت کی خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے ریڈیو آپریٹروں کی ترقی ہوگی اور اسکول کے بچوں کو مستقبل کے سائنس دان اور انجنیئر بننے پر مائل کرے گی۔ ’’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن‘‘ (آئی ایس آر او) اِس سیٹلائٹ کو اپنے ’شری ہری کوٹا‘ کے خلائی مرکز سے بھیجے گی۔ آئی ایس آر او کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ’’کلامسیٹ دنیا کی تاریخ میں سب سے ہلکی سیٹلائٹ ہے جس کو مدار میں بھیجا جا رہا ہے۔‘‘
اِس میں ایسی سہولت موجود ہیں جو کہ ہیم ریڈیو ٹرانسمیشن کے لیے سیٹلائٹ کا کام کر سکتی ہے۔ ہیم ریڈیو ٹرانسمیشن وائرلیس مواصلاتی رابطہ ہے جس کو لوگ غیر تجارتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ جون 2017 ء میں امریکا میں اِنہی طلبہ نے اِس سے بھی ہلکی 64 گرام کی سیٹلائٹ کو ’’ناسا‘‘ کے ذریعے مدار سے نیچے اُڑایا۔ اِس طرح کی پرواز تکنیکی اعتبار سے خلا میں تو جاتی ہے پر مدار میں نہیں۔ ’’کلامسیٹ- V2 ‘‘چنئی کے تعلیمی ادارے اسپیس کڈز انڈیا سے تعلق رکھنے والے طلباء نے بنایا ہے۔ اب تک بھارتی طلباء کی جانب سے بنائے گئے نو سیارچوں کو خلائی راکٹس میں جگہ ملی ہے۔