February 11, 2019
حسن کی رکھوالی بھنویں

حسن کی رکھوالی بھنویں

کہاوت مشہور ہے کہ چہرہ دل کا آئینہ ہوتا ہے، تاہم اگر یہ کہاوت ایجاد نہ بھی ہوئی ہوتی، تب بھی ہر خاتون کی یہی خواہش ہوتی کہ اس کا چہرہ زیادہ سے زیادہ خوبصورت دکھائی دے۔ یوں تو انسانی چہرے کے تمام نقوش قدرت کی صناعی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، تاہم خواتین کے لئے ان کی آنکھیں خاص اہمیت کی حامل ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ آنکھوں کے میک اپ پر خصوصی توجہ دیتی ہیں۔ جس طرح آنکھوں کو دل کا آئینہ قرار دیا جاتا ہے، اسی طرح بھنوئوں کو آنکھوں کا پاسبان اور ان کی خوبصورتی کا استعارہ کہا جاتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پلکوں کے ساتھ ساتھ بھنویں بھی آنکھوں کی خوبصورتی کی ضامن ہیں۔ بھنویں جس قدر خوشنما ہوں گی، آنکھیں بھی اسی قدر دلکش نظر آئیں گی اور پھر اسی مناسبت سے پورا چہرہ پرکشش دکھائی دے گا۔ بیشتر خواتین اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں، لہٰذا ہر خاتون یہی چاہتی ہے کہ اس کی بنائی ہوئی بھنویں خوشنما اور بے عیب نظر آئیں۔ یہ کام ذرا سا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، بالخصوص اس صورت میں جبکہ اس مقصد کے لئے بے شمار بیوٹی پروڈکٹس موجود ہیں۔ سو، آئیے ذرا دیکھتے ہیں کہ خوشنما بھنویں کیسے بنائی جاسکتی ہیں۔
l اچھا برش خریدیں: اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی بھنویں خوبصورت اور بے عیب دکھائی دیں تو آپ کے پاس ایک اچھا آئی برو برش ہونا ضروری ہے۔ اس برش کی مدد سے آپ اپنی بھنوئوں کو کسی بھی وقت سنوار سکتی ہیں تاکہ وہ شیپ میں دکھائی دیں اور اس وقت بھی خوشنما نظر آئیں، جب آپ نے انہیں گہرا کرنے کے لئے ان پر کوئی پینسل وغیرہ استعمال نہ کی ہو۔
l تھریڈنگ کریں:ترقی یافتہ ممالک میں خواتین اپنی بھنوئوں کو شیپ دینے کے لئے لیزر کی مدد لیتی ہیں، تاہم ہمارے ہاں اب بھی زیادہ تر تھریڈنگ پر ہی انحصار کیا جاتا ہے۔ جبکہ کچھ خواتین ٹویزر کی مدد سے بھنوئوں کے اضافی بال نوچ دیتی ہیں۔ دیکھا جائے تو بھنوئوں کو مطلوبہ شیپ دینے کے لئے تھریڈنگ ہی سب سے اچھا اور مؤثر طریقہ ہے۔
l پینسل یا جیل کا استعمال: بیشتر خواتین کی بھنویں ہلکی یا پتلی ہوتی ہیں اور ان میں بال کم ہوتے ہیں۔ لہٰذا بھنوئوں کو گہرا کرنے اور انہیں گھنا دکھانے کیلئے آئی برو پینسل یا جیل استعمال کرنے میں کوئی ہرج نہیں۔ اس کے بعد برش کی مدد سے اپنی بھنوئوں کو سیٹ کرلیں۔ اب آپ بلا جھجھک کہیں کا بھی رخ کرسکتی ہیں، کیونکہ بھنویں اچھی بنی ہوں تو میک اپ کے بنا بھی آپ پرکشش نظر آئیں گی۔
l محراب بنائیں:بھنویں بناتے وقت انہیں ہلکی سی محراب نما شیپ دینا یا آرچ بنانا کبھی آئوٹ آف فیشن نہیں ہوتا۔ اس ترکیب پر عمل کرتے ہوئے بھنوئوں کا ابتدائی حصہ ہمیشہ گہرا اور قدرے موٹا رکھیں، جبکہ آخری حصے کو احتیاط کے ساتھ ہلکی سی محرابی شکل دیں، تاہم اسے نمایاں رکھیں۔
l فطری انداز:ایک اور مشورہ یہ کہ اپنی بھنوئوں کے اسی انداز کو نمایاں رکھیں جو قدرت نے آپ کو بخشا ہے۔ ذرا اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں تو آپ کو احساس ہوگا کہ بہت سی خواتین ایسی ہیں جنہوں نے کبھی اپنی بھنوئوں کو نہیں تراشا بلکہ چھوا تک نہیں اور ان کا یہی فطری انداز ان کی پہچان ہے۔ سو، آپ بھی چاہیں تو اعتماد کے ساتھ اپنی اس پہچان کو برقرار رکھ سکتی ہیں۔
l بھنویں گہری کرنے کا طریقہ: بھنویں بنانے کے ضمن میں سب سے مشکل مرحلہ انہیں گہرا کرنا اور بھرنا ہے۔ یہ کام ذرا توجہ طلب اس لئے ہے کہ بھنوئوں کو گہرا وقت اس بات کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے کہ یہ بالکل قدرتی دکھائی دیں، نہ کہ یہ آپ کے چہرے پر مصنوعی سی نظر آئیں۔ اس طرح آپ کا چہرہ خوبصورت نظر آنے کی بجائے مضحکہ خیز دکھائی دے گا۔ بھنوئوں کو بھرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ جو پینسل یا جیل آپ استعمال کریں اس کا رنگ آپ کے بالوں کے رنگ سے قریب تر ہو۔ اگر آپ بھنوئوں کو گہرا کرنے کیلئے ایسے رنگ کا انتخاب کریں گی جو بالوں کے رنگ سے گہرا ہو تو اس صورت میں بھنویں غیر فطری نظر آئیں گی۔
بھنوئوں کو گہرا کرنے کیلئے آپ کے پاس کئی پروڈکٹس کا انتخاب موجود ہے جس میں آئی برو پینسل، پائوڈر، شیڈو اور مسکارا شامل ہے۔پہلے آئی برو برش کی مدد سے بھنوئوں کے بال سیٹ کریں، اب بھنوئوں کے نچلے حصے پر لائن بنائیں، اس کے بعد اوپری حصے پر دوسری لائن اس طرح بنائیں کہ بھنوئوں کا ایک بارڈر سا بن جائے اور وہ ایک واضح شیپ اختیار کرجائیں۔ اب درمیانی حصے میں اس طرح اسٹروک دیتے ہوئے رنگ بھریں کہ وہ بالکل قدرتی بالوں کی طرح دکھائی دیں۔ آخر میں بھنوئوں کے دونوں سِروں کو درست کرلیں اور بھنوئوں کے نیچے ہائی لائٹر لگانا نہ بھولیں۔