February 11, 2019
نیپالی کرکٹر نے توڑے ریکارڈز

نیپالی کرکٹر نے توڑے ریکارڈز

نیپال کے نوجوان کرکٹر روہت پاؤڈیل نے بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر اور پاکستان کے جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا ایک روزہ کرکٹ میں نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ توڈ دیا۔ روہت پاؤڈیل نے 16 سال اور 146 دنوں کی عمر میں نصف سنچری بنا کر ٹنڈولکر کا ایک روزہ کرکٹ میں نصف سنچری بنانے والے کم عمر کھلاڑی کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ دبئی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں نوجوان روہت پاؤڈیل نے پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے سری لنکا کے خلاف 16 سال اور 217 دنوں کی عمر میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ خیال رہے کہ سچن ٹنڈولکر نے ایک روزہ کرکٹ میں 16 سال اور 213 دنوں کی عمر میں نصف سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کیا تھا جو دہائیوں بعد نیپالی کرکٹر کے نام ہوگیا۔ روہت پاؤڈیل نے 55رنز کی اس اننگز میں 58 گیندوں کا سامنا کیا اور 7 چوکے لگائے جس کی بدولت نیپال نے متحدہ عرب امارات کو 243رنز کا ہدف دیا۔ نیپال کے نوجوان بولر 18سالہ سندیپ لیمیچانے کی شاندار 4 وکٹوں کی مدد سے میزبان متحدہ عرب امارات کو بہ آسانی 145 رنز سے شکست دے دی۔ خیال رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی خاتون کھلاڑی جوہمیری لگٹینبرگ کو 14 برس کی عمر میں نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے جو ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں نصف سنچری بنانے والی کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔ جنوبی افریقہ کی خاتون کھلاڑی یہ ریکارڈ ایک روزہ اور ٹیسٹ دونوں طرز کرکٹ میں قائم کرچکی ہیں۔