February 11, 2019
بولی وڈ 20 سال پہلے  جیسا نہیں رہا، تبو

بولی وڈ 20 سال پہلے جیسا نہیں رہا، تبو

اداکارہ تبو نے اعتراف کیا ہے کہ بولی وڈ اب 20سال پہلے جیسا نہیں رہا، گزشتہ چند سال میں فلم انڈسٹری میں حیران کن تبدیلی آئی اور خصوصی طور پر آخری 5سال میں بہت کچھ بدلا ہے۔
اداکارہ کا ماننا ہے کہ اس وقت جس طرح کی فلمیں بولی وڈ میں بن رہی ہیں یا جس طرح کے کردار بنائے جا رہے ہیں، پہلے ایسے کردار نہیں بنائے جاتے تھے۔ 47 سالہ اداکارہ کے مطابق اگر دو دہائیاں پیچھے مڑ کر دیکھا جائے تو بولی وڈ میں ایسی فلموں کی بھرمار نظر آئے گی، جس میں ہیرو یا ہیروئن کا کردار ہی اہم ہوتا تھا، تاہم اب ایسا نہیں ہے۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ اب کسی بھی فلم کی کامیابی کا کریڈٹ ہیرو یا ہیروئن کو نہیں بلکہ مجموعی کاسٹ کو جاتا ہے اور اس کی وجہ فلموں کے پلاٹ، کہانیوں اور کرداروں میں تبدیلی ہے۔ اداکار نے کہا کہ اس وقت نئی نسل کے اداکار ہر طرح کا مختصر یا منفی کردار خوشی سے ادا کرتے ہیں اور کوئی بھی ہیرو یا ہیروئن کے کردار کا مطالبہ نہیں کرتا۔ تبو کے مطابق گزشتہ 5سال میں بولی وڈ فلموں کی کہانی، پلاٹ اور کرداروں میں بہت فرق آیا ہے، اب ماضی کی طرح گھسے پٹے یا ہیرو اور ہیروئن کے کرداروں پر مبنی فلمیں نہیں بنائی جاتیں۔ ساتھ ہی اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ماضی کے مقابلے اب وہ منتخب اور خاص فلموں میں کام کرتی ہیں اور آئندہ بھی یہی سلسلہ جاری رہے گا۔
ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا کے استعمال پر بھی بات کی اور بتایا کہ ان کی عمر 16سال نہیں کہ وہ ہر وقت سوشل میڈیا پر چیزوں کو تلاش کرتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی عمر کے حساب سے صحیح ہیں، تاہم وہ دیگر سوشل میڈیا ویب سائیٹس کے بجائے صرف انسٹاگرام پر موجود ہیں، جہاں وہ زندگی کی حسین یادیں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی ہیں۔