February 11, 2019
دبنگ خان پھر سے… ’’وردی والے‘‘ بنیں گے؟

دبنگ خان پھر سے… ’’وردی والے‘‘ بنیں گے؟

سلمان خان کو بولی وڈ میں شہرت اپنے ایکشن کی وجہ سے ملی ہے اور جب ان کی فلمی زندگی کا رخ 2009ء میں یکسر تبدیل ہوا تو اس کی وجہ بھی ایسی ہی فلم ’’وانٹڈ‘‘ تھی۔ اس فلم میں سلو میاں نے خفیہ پولیس اہلکار کا کردار نبھایا تھا۔ اس کے بعد ’’دبنگ‘‘، ’’باڈی گارڈ‘‘، ’’کک‘‘ وغیرہ جیسی فلموں میں ہمیشہ سلمان کا ایکشن بڑھ چڑھ کر بولا۔ ’’دبنگ‘‘ سیریز میں سلمان نے پولیس افسر کا کردار جس انداز میں نبھایا، وہ اپنی چھاپ چھوڑ گیا۔ اب خبر ہے کہ دبنگ خان دوبارہ وردی والے بننے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ایکشن ہدایتکار روہت شیٹی اپنی اگلی فلم میں سلمان کو کاسٹ کرچکے ہیں جس میں وہ پولیس افسر بنیں گے۔ فلم کا نام تاحال سامنے نہیں آیا، البتہ اسے 2020ء میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا جارہا ہے۔ روہت شیٹی آج کل اپنی نئی فلم ’’سوریا ونشی‘‘ کی شوٹنگ کر رہے ہیں، جس میں اکشے کمار پولیس افسر بنے ہیں۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’سمبا‘‘ کے اختتام پر اکشے کمار کو پولیس کی وردی میں دکھایا گیا تھا۔