February 11, 2019
پریانکا چوپڑا کی نئی ہولی وڈ فلم

پریانکا چوپڑا کی نئی ہولی وڈ فلم

بولی وڈ دیسی گرل پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کے فوری بعد نئی ہولی وڈ فلم سائن کرلی۔ پریانکا چوپڑا حال ہی میں ایلن ڈی جینرس کے شو پر جلوہ گر ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی چوتھی ہولی وڈ فلم کا اعلان کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ نیٹ فلکس کی سیریز ’وائلڈ وائلڈ کنٹری‘ پر مبنی ہولی وڈ فلم بنائی جارہی ہے جس کو وہ پروڈیوس کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں اداکاری کرتی بھی نظر آئیں گی۔ بیری لیونسن کی ہدایات میں بننے والی یہ فلم متنازع ہندو گرو رجنیش اوشو کی زندگی پر بنائی جارہی ہے۔ پریانکا نے ایلن کو بتایا کہ وہ اس فلم میں متنازع ہندو گرو رجنیش اوشو کی سیکریٹری ایم آنند شیلا کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔ خیال رہے کہ ایم آنند شیلا بھارتی نژاد امریکن خاتون ہیں، جو کم عمری میں امریکا منتقل ہوئیں، 1970ء کے بعد وہ روحانی تعلیم کے لیے بھارت آئیں۔ روحانی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1980ء کے عشرے میں ہندو گرو رجنیش اوشو کی ذاتی سیکریٹری کی خدمات کی ذمہ داری سنبھالی اور 5سال تک وہ تمام امور سنبھالتی رہیں۔ ان کے سیکریٹری ہونے کے بعد ہی گرو رجنیش اوشو نے بھارت سے نکل کر امریکا میں اپنے فالوؤر بڑھانے کا مشن بنایا اور اس مقصد کے لیے ریاست اوریگون میں خیالی شہر آباد کرنے کے لیے 64ہزار ایکڑ زمین خریدی گئی۔ اس شہر کا نام ’رجنیش پرم‘ رکھا گیا، جہاں صرف رجنیش اوشو کے فالوؤرز کو قیام کی اجازت تھی۔
یاد رہے کہ بھارت کے متنازع ترین گرو رجنیش اوشو کی زندگی، ان کے سنیاسی فلسفے اور ان کی جانب سے امریکی ریاست اوریگون میں بنائے جانے والے خیالی شہر پر’نیٹ فلیکس‘ نے گزشتہ سال دستاویزی فلم جاری کی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بولی وڈ میں اس موضوع پر فلم بنانے کا ارادہ کیا جارہا ہے، جس میں عامر خان اور عالیہ بھٹ کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی ہیں۔