تازہ شمارہ
Title Image
February 25, 2019
لمبے بال کیسے سنواروں؟

لمبے بال کیسے سنواروں؟

لمبے بال کسی بھی عورت کیلئے حسن کی ضمانت سمجھے جاتے ہیں۔ لمبے بالوں کا فیشن کبھی آئوٹ نہیں ہوتا اور انہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ لمبے، گھنے بالوں کی چھائوں تلے معمولی خدوخال بھی گویا چمک اٹھتے ہیں اور ہر ایک آپ کو سراہنے پر مجبور ہوجاتا ہے لیکن لمبے بالوں کو سنوارنا کبھی کبھار مسئلہ بن جاتا ہے کیونکہ بالوں کو سنوارنا بھی کسی فن سے کم نہیں۔ یہاں آپ کیلئے لمبے بالوں کو سنوارنے کی کچھ تجاویز پیش کی جارہی ہیں جنہیں آپ آسانی سے آزما سکتی ہیں۔  ہیئر کٹ لیں: اس سے ہرگز یہ مراد نہیں کہ آپ اپنے بال کٹوا ڈالیں اور انہیں چھوٹا کروا لیں۔ اس کی بجائے اپنے بالوں کو ٹرم کروائیں تاکہ ان کے سرے پھٹنے نہ پائیں اور یہ دو مونہے نہ ہوں۔ دو منہ والے بالوں کو کٹوانے سے آپ کے بال صحت مند نظر آئیں گے اور تیزی سے بڑھیں گے۔ اگر آپ کے بال لمبے ہونے کے ساتھ ساتھ خاصے گھنے بھی ہیں تو انہیں لیئرز کی شکل میں کٹوانے میں کوئی ہرج نہیں۔ اس طرح نہ صرف یہ اسٹائلش نظر آئیں گے بلکہ انہیں سنوارنے میں بھی آسانی رہے گی۔ یہ ایک ایسی ترکیب ہے جس کے ذریعے آپ لمبے بالوں کی قربانی دیئے بغیر خوبصورتی سے اپنی لُک تبدیل کر سکتی ہیں۔  بالوں کی نمی برقرار رکھیں: جس طرح آپ کی اسکن کو نمی اور موئسچر کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح بالوں کو بھی نمی کی ضرورت ہے۔ اگر ان کی نمی ختم ہوجائے تو یہ خشک، رُوکھے اور بدنما دکھائی دیتے ہیں۔ اس مسئلے سے بچنے کیلئے ہمیشہ ایسی پروڈکٹس استعمال کریں جو خشک بالوں کیلئے تیار کی گئی ہوں یا ان میں مفید قدرتی اجزاء شامل کئے گئے ہوں جیسے کہ کوکونٹ آئل، آرگن آئل، اولیو آئل یا گلیسرین وغیرہ۔ یہ چیزیں آپ کے بالوں کی نمی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔  انہیں پُھولنے سے بچائیں: بال اس وقت پھولے پھولے اور رُوکھے نظر آنے لگتے ہیں جب بالوں کی اوپری تہہ کمزور ہوجاتی ہے اور یہ قدرتی نمی کو اندر روکنے میں ناکام ہوجاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں آپ کی زلفیں سیدھی اور ریشمیں نظر آنے کی بجائے روکھی اور پھولی پھولی سی دکھائی دینے لگتی ہیں۔ اس مسئلے سے بچنے کیلئے ہمیشہ درست پروڈکٹس، درست انداز میں استعمال کریں۔ اس بات کو یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ آپ اپنے بالوں کے لحاظ سے درست شیمپو استعمال کرتی ہیں لیکن بہت زیادہ شیمپو کرنے سے بھی بالوں کی نمی ختم ہوجاتی ہے اور اس طرح اس تیل یا موئسچرائزر کی افادیت بھی ختم ہوسکتی ہے جو آپ استعمال کرتی ہیں۔  ان کی حفاظت کریں: بہت زیادہ برش کرنا، بال ٹوٹنے کا سبب بن سکتا ہے اور اس سے بالوں کی اوپری تہہ کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ لہٰذا بالوں کو بلا ضرورت برش کرنے کی بجائے صرف اس وقت برش کریں جب انہیں اسٹائل دینا ہو۔ ہمیشہ ہلکے ہاتھ سے برش کریں اور الجھے ہوئے بالوں کو کھینچنے سے گریز کریں۔ انہیں سلجھانے کیلئے موٹے دندانوں والا کنگھا استعمال کریں جبکہ برش نرم ریشوں والا خریدیں۔ جہاں تک ممکن ہو، بالوں کو دھونے کے بعد تولیہ سے صاف کرکے قدرتی ہوا میں خشک کریں اور گیلے بالوں کو کنگھے یا برش کی بجائے انگلیوں سے سلجھائیں۔  ہیئر اسٹائل:آپ نے دیکھا کہ مندرجہ بالا تمام باتوں کا خیال رکھنا مشکل نہیں۔ اسی طرح بالوں کی اسٹائلنگ کے ضمن میں ایک اور چھوٹی بات کہ جس قدر ممکن ہو، ہیٹ (Heat) اسٹائلنگ سے گریز کریں اور جب بھی ہیئر ڈرائر یا اسٹریٹنر استعمال کریں، اسے کم حرارت پر سیٹ کریں۔ اس کے علاوہ ایسے ہیئر اسٹائلز نہ اپنائیں جن کیلئے بال بہت زیادہ کھینچ کر بنائے جاتے ہوں اور ایسے ہیئر کلپ اور پنیں استعمال کریں جن میں بال پھنس کر ٹوٹنے نہ پائیں۔  لمبے بالوں کی خوبی یہی ہے کہ انہیں کسی بھی اسٹائل میں سنوارا جاسکتا ہے۔ خواہ انہیں شیمپو کرکے کمر پر کھلا چھوڑ دیں، ہلکا سا کرل کرلیں یا ڈھیلی ڈھالی چوٹی اور فرنچ بریڈ کی شکل میں گوندھ لیں، یہ ہر صورت میں پُرکشش نظر آئیں گے۔