تازہ شمارہ
Title Image
February 25, 2019
لہنگا ہے مہنگا!

لہنگا ہے مہنگا!

لہنگا ایک ایسا روایتی مشرقی پہناوا ہے جس کیلئے لڑکیوں بالیوں کی پسندیدگی کبھی کم نہیں ہوتی۔ شادی بیاہ اور مہندی کی تقریبات کیلئے عموماً لہنگا ہی ان کا انتخاب ٹھہرتا ہے۔ لہنگے کی خوبی یہ ہے کہ وقت کے ساتھ فیشن کے خواہ کتنے ہی طوفان کیوں نہ آئیں، یہ تراش خراش کی ذرا سی تبدیلی کے بعد اپنی جگہ نہ صرف برقرار رکھتا ہے بلکہ اپنی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرلیتا ہے۔ کبھی اِس خوشنما پرنٹ میں، کبھی اُس نئے فیبرک میں تو کبھی کسی جدید تراش کے ساتھ یہ وقت کے ساتھ اپنے روپ ضرور بدلتا ہے لیکن یہ آج بھی خواتین کی وارڈروب کا لازمی حصہ تصور کیا جاتا ہے۔  ان دنوں ہمارے ہاں چونکہ شادیوں کا سیزن ہے لہٰذا اگر آپ بھی شادیوں میں شرکت کی غرض سے اپنے لہنگے کو کوئی جدید میک اوور دینا چاہتی ہیں تو یہاں آپ کیلئے کچھ تجاویز پیش ہیں، تاہم یہ ذہن میں رہے کہ یہاں بات 2019ء کی مقبول اسٹائلنگ کی ہورہی ہے نہ کہ لہنگے کی مختلف اقسام کی۔ لہٰذا لہنگا اسی کٹ کا پہنیں جو آپ پر اچھا لگے۔ مثلاً گول گھیر دار، مرمیڈ، فش ٹیل، اے لائن، اسٹریٹ، ساڑھی نما یا شرارہ کٹ لہنگے میں سے آپ کا انتخاب کچھ بھی ہوسکتا ہے۔  پرنٹیڈ لہنگا: فلورل یا پھولدار لہنگا ان دنوں ایک بار پھر فیشن میں اپنی جگہ بناتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس کا ثبوت آپ کو سوشل میڈیا سے مل سکتا ہے جہاں بہت سی سلیبریٹیز آپ کو پھولدار لہنگوں میں ملبوس نظر آئیں گی۔ گھیر دار فلورل لہنگا، کامدار بلائوز یا چولی دونوں کے ساتھ خوشنما دکھائی دیتا ہے۔  کامدار لہنگا: سوال جب کسی تقریب میں شرکت کا ہو تو ایسے میں کامدار لہنگے کا انتخاب کبھی غلط ثابت نہیں ہوسکتا۔ آپ اپنی پسند کے مطابق ہلکا یا بھاری کامدار لہنگا زیب تن کریں، دونوں صورتوں میں آپ کے لباس کی مغلیہ شان برقرار رہے گی۔  شرٹ، لہنگا: یہ لہنگے کا ایک جدید اسٹائل ہے جس کے تحت آپ کالر والی کسی خوبصورت سی شرٹ کے ساتھ اسے پہن سکتی ہیں اور سب کی توجہ کا مرکز بن سکتی ہیں۔ یہ گرلی اسٹائل کسی پارٹی میں شرکت کیلئے خاصا موزوں دکھائی دیتا ہے۔  اَپر، لہنگا: ان دنوں لہنگے کا ایک اور جدید اور غیر روایتی انداز لڑکیوں میں مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ یہ انداز لہنگے اور چولی کے اوپر ایک لمبا سا اَپر پہننے کا ہے۔ کوٹ یا جیکٹ نما یہ اَپر سادہ بھی ہوسکتا ہے اور پھولدار بھی، اب یہ آپ کی پسند پر منحصر ہے کہ اس ٹرینڈ کو کس طرح اپنے لباس کا حصہ بناتی ہیں۔  جھالر دار لہنگا: فیشن کے افق پر نیٹ کے لہنگے بھی تیزی کے ساتھ اپنی جگہ بناتے نظر آرہے ہیں۔ یوں تو نیٹ یا جالی دار لہنگوں کے کئی اسٹائلز مقبولیت پا رہے ہیں تاہم جھالر دار فراک نما لہنگے ان دنوں بیشتر سلیبریٹیز کی پسندیدگی حاصل کررہے ہیں۔