تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
ایڈرینال غدود کیا کام کرتے ہیں؟

ایڈرینال غدود کیا کام کرتے ہیں؟

ہمارے جسم میں دو ایڈرینال غدود (Adrenal Glands) ہوتے ہیں جو ہمارے دونوں گردوں کے اوپر بیٹھے ہوتے ہیں۔ ان مثلث نما غدود کی بیرونی سطح دو سینٹی میٹر موٹی ہوتی ہے۔ یہ بیرونی کورٹیکس (Cortex) اسٹیروئڈ ہارمون تیار کرتا ہے جس میں ’’ٹیس ٹوس ٹیرون‘‘، ’’کورٹی سول‘‘ اور ’’آلڈ اسٹیرون‘‘ شامل ہوتے ہیں۔ کورٹیکس کے نیچے اس غدود کا جو حصہ ہوتا ہے اسے  Medulla کہتے ہیں اور یہ اندرونی حصہ ’’نوراڈینالائن ‘‘ اور ’’ ایڈرینالائن‘‘ ہارمونز تیار کرتے ہیں۔ یہ ہارمونز غیرضروری جسمانی سرگرمیوں کو گھٹاتے ہوئے دل کی دھڑکن اور جسم میں آکسیجن اور گلوکوز کی سطح  بڑھاتے ہیں۔ ایڈرینال غدود کو ’’جنگی یا فراری غدود‘‘ (Fight or Flight Glands) بھی کہتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب ہمارے جسم یا ذہن پر دباؤ پڑتا ہے تو یہی وہ غدود ہیں جو ہمیں حالات کا مقابلہ کرنے یا تیزرفتاری کے ساتھ اس سے راہ فرار اختیار کرنے کے لئے تیار کرتے ہیں۔ اگر ہم مسلسل جسمانی اور ذہنی دباؤ کا شکار رہیں تو ان غدود پر کام کا بہت زیادہ بوجھ پڑتا ہے اور ہم بیمار پڑجاتے ہیں۔