تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
وینس کانیوال میوزک پریڈ اور کاسٹیوم مقابلہ

وینس کانیوال میوزک پریڈ اور کاسٹیوم مقابلہ

وینس کارنیوال ایک ایسا تہوار ہے جس کے دوران اٹلی کے ماضی و حال، دونوں کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ کہنے کو تو یہ ایک ہی تقریب ہے لیکن یہ دراصل کئی تقاریب کا مجموعہ ہے جس میں ماسک کاسٹیوم مقابلہ، مختلف پریڈز اور فلائٹ آف دی اینجل نامی تقریب سے لے کر متعدد انٹرٹینمنٹ شوز شامل ہیں۔  اس کارنیوال کا انتہائی خوبصورت منظر وہ ہوتا ہے جب اٹلی کی معروف گرینڈ کینال میں میوزک اور پریڈ کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ اس کینال میں واٹر پریڈ صبح کے گیارہ بجے شروع کی جاتی ہے جس کا نظارہ کناروں پر جمع ہونے والے افراد کرتے ہیں اور تالیاں بجا کر مقابلے میں شامل ہونے والوں کو داد دیتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ گرینڈ کینال اس کارنیوال کے دوران ایک خوبصورت میوزک اسٹیج کا نمونہ بھی بن جاتی ہے جس کے دوران بہترین میوزک پرفارمنسز پیش کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ اس کارنیوال کی ایک اور اہم تقریب میں ماسک کاسٹیوم پریڈ شامل ہے۔ اس خاص تقریب کی ابتدا بارہ منتخب لڑکیاں کرتی ہیں جو مختلف ماسک کاسٹیومز میں ملبوس ہوتی ہیں۔ اس کے بعد یہ تقریب دس روز تک جاری رہتی ہے جس کے دوران بیشتر روایتی کاسٹیومز متعارف کروائے جاتے ہیں۔  تقریب کے دوران روزانہ بیسٹ ماسک کاسٹیوم کیٹ واک کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں حصہ لینے والوں کو پبلک اپنی پسندیدگی کی بناء پر ووٹ دیتی ہے۔ انہیں ووٹوں کی بنیاد پر ’’بیسٹ ماسک کاسٹیوم‘‘ کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ یہ مقابلہ اس کارنیوال کی مقبول ترین تقاریب میں شامل ہوتا ہے لہٰذا اس میں شمولیت کیلئے عوام کی خاصی گرمجوشی دیکھنے میں آتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس کارنیوال کی ابتدا 1162ء میں اس وقت ہوئی جب ری پبلک آف وینس نے اپنے دشمنوں پر بڑی فتح حاصل کی تھی۔ تب لوگوں نے اس موقع پر سان مارکو اسکوائر پر جمع ہو کر خوشیاں منائی تھیں اور اس خوشی میں ناچ گانا کیا تھا۔ وینس کارنیوال اسی واقعے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔  مختلف وجوہات کی بناء پر اس کارنیوال کے انعقاد میں ایک طویل وقفہ بھی آیا، تاہم 1979ء میں حکومت نے کارنیوال کو وینس کا تاریخی اور ثقافتی ورثہ قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر اسے باقاعدگی کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا۔  فلائٹ آف دی اینجل اس تقریب کا خاصا دلچسپ مظاہرہ ہے جس میں وینس کی دو بلند عمارتوں کے درمیان اسٹیل کا ایک کیبل باندھا جاتا ہے اور کوئی سیلیبریٹی شخصیت اس کیبل پر پھسلتی یا گویا اڑتی ہوئی ایک جانب سے دوسری جانب پہنچتی ہے۔ اس شخصیت کا نام آخر تک مخفی رکھا جاتا ہے جو عموماً کوئی ایسی لڑکی ہوتی ہے جس کا تعلق شوبز، اسپورٹس یا فیشن سے ہوتا ہے۔ جبکہ اس مظاہرے میں اب تک صرف ایک مرد نے حصہ لیا ہے جو ریپ سنگر کولیو تھے۔ وینس کارنیوال کا شمار اٹلی کی بڑی سرمائی تقاریب میں کیا جاتا ہے، جو دو سے تین ہفتوں تک جاری رہتی ہے۔ کارنیوال کی تقریب شرع ہونے سے پہلے اٹلی کے کئی شہروں میں چھوٹے پیمانے پر تقریبات منائی جاتی ہیں۔ اس کارنیوال کے دوران ماسک کاسٹیومز کو خصوصی اہمیت ہے، جس کی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ پہلے لوگ تقاریب میں شرکت کرتے وقت اپنی شناخت کو چھپا لیا کرتے تھے تاکہ امیر، غریب سب ان میں بلاجھجک شریک ہوسکیں۔