تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019

ستارے کیا کہتے ہیں

حوت عورت اور ثور مرد بچوں کے سامنے جب مداری جادو کے کرتب دکھاتا ہے اور مختلف چیزیں مثلاً سفید خرگوش، ریشمی گلاب اور رنگ برنگے فیتے بنا کر سب کی نظروں کے سامنے غائب کر دیتا ہے تو بچے حیران رہ جاتے ہیں، بالکل اسی طرح کا تجربہ ایک ثور مرد کو اس وقت ہوتا ہے، جب وہ کسی حوت لڑکی سے محبت کرتا ہے چونکہ اس نے علم نجوم کا مطالعہ نہیں کیا ہوتا، لہٰذا وہ حوت لڑکی کی عادات سے واقف نہیں ہوتا۔ حوت لڑکی بحث و مباحثہ سے گریز کرتی ہے اور موقع ملتے ہی ایسے ماحول سے اچانک غائب ہو جاتی ہے۔ اس کا اندازہ ثور مرد اور اس کی حوت محبوبہ کی درج ذیل گفتگو سے بہ آسانی کیا جا سکتا ہے۔  حوت لڑکی: ڈارلنگ مجھے ایک تقریب میں شرکت کرنی ہے، کیا تم مجھے وہاں چھوڑ دو گے اور پھر واپس گھر پہنچا دو گے، اس دوران تم کوئی فلم دیکھ سکتے ہو۔  ثور مرد: میں تنہا فلم دیکھنا پسند نہیں کرتا۔ حوت لڑکی: تب کیا تم میرے ساتھ تقریب میں چلنا پسند کرو گے۔  ثور مرد: نہیں کیونکہ میں ایسی تقریب پسند نہیں کرتا۔ حوت لڑکی: کوئی بات نہیں، میں بھی اس تقریب میں شرکت نہیں کروں گی۔ میں تمہارے ساتھ فلم دیکھنے چلوں گی۔ کیا تمہیں میرا یہ لباس پسند ہے۔  ثور مرد: یہ بہت مختصر ہے، تم کوئی اور چیز پہنو۔  حوت لڑکی: اچھا ڈیئر! لیکن سب لڑکیاں آج کل یہ لباس استعمال کر رہی ہیں۔  ثور مرد: یقیناً لیکن دوسری لڑکیاں تو اور بھی بہت کچھ کر رہی ہیں، اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ میں جس لڑکی سے محبت کروں، وہ ان کی نقل کرے۔ حوت لڑکی: قطعی نہیں، تم ٹھیک کہتے ہو، میں سوچ رہی ہوں کہ… ثور مرد: تمہیں کچھ نہیں سوچنا چاہئے۔ تمہارا ذہن الجھ رہا ہے، تم اپنے پہلے پروگرام پر قائم رہو۔ آئو ہم چلتے ہیں، دیر ہو رہی ہے۔ حوت لڑکی: تم کہاں جا رہے ہو۔ ثور مرد: تمہیں کہاں جانا تھا۔ اس گفتگو کے بعد حوت لڑکی اچانک غائب ہو جاتی ہے۔ وہ اس کی ضد اور بات بات پر انکار، بے حسی اور غیر مفاہمت پسندانہ طرز عمل سے اکتا جاتی ہے لیکن موقع کی نزاکت بھانپ کر بظاہر ناراضی کا اظہار نہیں کرتی۔ تاہم موقع ملتے ہی غائب ہو جاتی ہے اور ثور مرد حیران کھڑا رہ جاتا ہے۔ ان بچوں کی طرح جو مداری کے جادو کے کرتب کے باعث مختلف چیزوں کو غائب ہوتا دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔ حوت لڑکی اگر واقعی اس ثور مرد سے محبت کرتی ہے تو دوبارہ پھر ملاقات کرتی ہے لیکن اگر دوستی کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا تو ضروری نہیں کہ وہ دوبارہ ملنا بھی پسند کرے۔ ثور مرد اور حوت عورت کو باہمی رفاقت میں ایک دوسرے کے جذبات کو پیش نظر رکھنا چاہئے۔ نہ تو حوت عورتیں ثور مرد کی ضدی اور مردانہ برتری کی عادت سے متاثر ہوتی ہے اور نہ ہی تمام ثور مرد حوت کی سہمی ہوئی نسائیت سے، بہرکیف دونوں کی رفاقت خوشگوار ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ حوت لڑکی پیکر تسلیم و رضا ہوتی ہے۔ دونوں میں کافی مطابقت ہوتی ہے۔ ہر آدمی یہ چاہتا ہے کہ اس کی پریشانیاں، مسائل، کوئی ہمدردی اور توجہ سے سنے اور جب سننے والی کوئی خوبصورت اور ہمدرد حسینہ ہو تو کیا بات ہے۔ دونوں جنسی رفاقت سے غیر معمولی طور پر محظوظ ہوتے ہیں۔ حوت مرد اور ثور عورت حوت اور ثور دونوں امن و سکون پسند کرتے ہیں اور ہنگاموں سے حتی الامکان دور رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ محو خواب کتوں تک کو چھیڑنا یا جگانا پسند نہیں کرتے۔ ان کو یقین ہوتا ہے کہ ہنگاموں اور پریشانیوں کو دعوت دینا بہت آسان ہوتا ہے لیکن ان سے عہدہ برآ ہونا بہت مشکل، لہٰذا پریشانیوں سے جتنا دور رہا جاسکے، رہنا چاہئے۔ انسان پریشانیاں عموماً خود پیدا کرتا ہے۔ حوت کی اپنی پیدا کردہ پریشانیاں شاذ و نادر ہی ہوتی ہیں۔ البتہ دوسروں کے دکھ سننا چونکہ طبعاً پسند کرتا ہے، لہٰذا اس طرح وہ اکثر پریشانیوں میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ حوت مرد اور ثور عورت میں ایک مشترک عادت یہ بھی ہوتی ہے کہ دونوں پریشانیوں سے بچنے کیلئے خاصے محتاط رہتے ہیں لیکن پھر بھی اپنی بعض فطری خصوصیات کی بنا پر اکثر پریشانیوں سے دوچار ہوتے رہتے ہیں لیکن ثور عورت مقابلتاً زیادہ صابر ثابت ہوتی ہے۔ وہ مضطرب مزاج حوت کے مقابلے میں نتائج کا انتظار نہایت صبر و سکون کے ساتھ کرتی ہے۔ وہ انتظار کے جاں گُسل لمحات میں بھی بے چین نہیں ہوتی بلکہ اس صورت میں اپنے اعصاب کی مضبوطی اور ضبط و تحمل کی صلاحیت کی بھرپور آزمائش کرتی ہے۔ حوت مرد پیار کی سرگوشیاں اور راز و نیاز کی باتیں بہت پسند کرتا ہے۔ ثور عورت اور حوت مرد اپنے برجوں کی کشش کے باعث ایک دوسرے کی طرف مقناطیس کی طرح کھینچتے ہیں۔ جنسی طور پر دونوں بہت اچھے ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔ دونوں کی جنسی رفاقت مطمئن اور خوشگوار ہوتی ہے۔ دونوں اپنے دلی جذبات ایک دوسرے کو منتقل کرنے اور ان سے پوری طرح محظوظ ہونے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ دونوں کی جسمانی رفاقت خوشیوں سے بھرپور ہوتی ہے۔ ثور عورت کا دل درج ذیل تین باتوں سے بہ آسانی ٹوٹ جاتا ہے۔ 1۔جھوٹے وعدے 2۔فریب 3۔فضول باتیں ثور عورت کا دل جیتنے کیلئے ان باتوں پر عمل کرنا حوت مرد کیلئے خوشگوار ازدواجی زندگی کا سبب بن سکتا ہے۔ 1۔دیانت  2۔وفاداری 3۔قابل اعتماد ہونا ثور عورت کی خفگی کو چند لطیفوں، گرم پانی کے غسل اور گرم سوپ کی ایک پیالی اور پیار کی سرگوشیوں سے بہ آسانی دور کیا جاسکتا ہے۔ حوت مرد اور ثور عورت خوشگوار ازدواجی زندگی بسر کرتے ہیں۔