تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
آغا علی نے سارہ سے بریک اپ پر لب کھولے

آغا علی نے سارہ سے بریک اپ پر لب کھولے

گزشتہ دنوں معروف اداکارہ صبا قمر نے ایک انٹرویو کے دوران اعتراف کیا تھا کہ ماضی میں وہ کسی سے محبت کرچکی ہیں اور بریک اَپ بھی ہوگیا۔ اب ایک اور اداکار نے بھی اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے چند انکشافات کیے ہیں۔ معروف اداکار آغا علی اور اداکارہ سارہ خان کے بارے میں مانا جاتا تھا کہ وہ ایک دوسرے کے بہت زیادہ قریب ہیں اور بہت جلد شادی کے بندھن میں بھی بندھ جائیں گے۔ اس تعلق کی تصدیق دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی کافی حد تک کی تھی مگر پھر گزشتہ دنوں آغا علی کی ایک انسٹاگرام پوسٹ سے عندیہ ملا کہ دونوں کے درمیان بریک اَپ ہوگیا ہے، جبکہ دونوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی اکٹھی تصاویر بھی ڈیلیٹ کردیں۔ مگر اداکار نے کچھ واضح نہیں کیا تھا اور ان کے مداح جاننا چاہتے تھے کہ اس جوڑے کے درمیان کیا چل رہا ہے۔ اب آغا علی نے ایک نجی چینل کے مارننگ شو میں اس بارے میں پہلی بار کھل کر بات کی اور بریک اَپ کی تصدیق کردی، جب شو کے دوران ان سے سارہ خان سے تعلق کے بارے میں سوال کیا گیا تو آغا علی نے کہا سارہ ایک زبردست لڑکی ہے اور میں ان کا اور ان کے کام کا بہت احترام کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان کے مداح سارہ کے ساتھ بریک کے حوالے سے وضاحت کے حقدار ہیں، جب کوئی تعلق شروع ہوتا ہے تو ایسا لگتا ہے کہ دونوں افراد ایک جیسی زندگی چاہتے ہیں مگر اکثر اوقات یہ غلط ہوتا ہے اور پھر وہ الگ ہونے لگتے ہیں۔ آغا علی نے بتایا کہ بریک اَپ سے ان پر کیا اثرات مرتب ہوئے، میرے لیے بریک اَپ بہت سخت ثابت ہوا اور خود کو بہت زیادہ تنہا اور الگ تھلگ محسوس کرنے لگا تھا۔ زندگی تو آگے بڑھتی رہتی ہے مگر زندگی میں واپسی کافی مشکل ثابت ہوئی۔  اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوستوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اس مرحلے سے گزرنے میں ان کی مدد کی اور سپورٹ کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مذاق بنانے والوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں حد عبور نہیں کرنی چاہئے اور احساس کرنا چاہئے کہ ان کے الفاظ دیگر پر کیا اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی سیلیبریٹی کی زندگی پر بات کرنے کی ایک حد ہوتی ہے اور لوگوں کو سمجھنا چاہئے کہ ان کے کون سے الفاظ اس حد کو عبور کرسکتے ہیں۔