تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
پہلی خلائی ریاست مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کے خواہشمند

پہلی خلائی ریاست مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کے خواہشمند

ایسگارڈیا نامی پہلی خلائی ریاست نے دنیا بھر کے افراد کے لیے انٹرنیٹ مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسگارڈیا ایسی ریاست ہے جو ہم خیال افراد نے مل کر قائم کی ہے اور انہوں نے زمین کے مدار میں ’’ایسگارڈیا 1‘‘ نامی سیٹلائٹ بھی بھیجا ہے جو اس خلائی ریاست کا دارالحکومت ہے۔ ایسگارڈیا مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کے مقصد کے لیے سیٹلائٹس کے ایک بڑے نیٹ ورک اور آپٹیکل ٹرانسمیشن کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ اعلان ایسگارڈیا کے وزیر خزانہ لیون شیپی لسکے نے روسی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کیا۔ یہ اس ریاست کا واحد حیران کن منصوبہ نہیں، درحقیقت یہ خلائی ریاست جس کی تشکیل 2016 ء میں رکھی گئی تھی، ایسے تمام مسائل کو حل کرنا چاہتی ہے جن کا سامنا روایتی ممالک کو ہوتا ہے، جو2043ء تک چاند پر بستی بسانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔ اس کے لئے کئی امیدواروں نے درخواست فارم بھی جمع کروائے ہیں، جو کہ دنیا چھوڑکرچاند پر گھر بسانے کو تیار ہیں۔ یہ ریاست اقوام متحدہ کی رکنیت کی بھی خواہشمند ہے اور اپنے بجٹ اخراجات لوگوں سے شہریت کی فیس لے کر پورا کرنا چاہتی ہے۔ ویسے اس ریاست کی ویب سائٹ کے مطابق اس کی آبادی 10لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ اس کے وزیر خزانہ کے مطابق ہم گلوبل انفرااسٹرکچر پروجیکٹس کے تحت 10ہزار سیٹلائٹس کو خلا میں بھیجنا چاہتے ہیں جس کا مقصد ایک عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورک تشکیل دینا ہے جس کے لیے رقم لوگوں کو 100 یورو کے عوض شہریت دے کر اکٹھی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت انٹرنیٹ ریڈیو فریکوئنسی پر مشتمل ہے اور سیلولر کمپنیاں حکومتوں کو اربوں ڈالرز دے کر ان فریکوئنسیز کو استعمال کرنے کا لائسنس حاصل کرتی ہیں جس کے بدلے وہ آپ سے 20، 30 یا 50 ڈالرز لیتی ہیں، مگر ہم سیٹلائٹس کے ذریعے ریڈیو فریکوئنسی کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے آپٹیکل ٹرانسمیشن کو ترجیح دیں گے اور آپ کو محض 2 ڈالر کے عوض وہی سروس مل جائے گی جس پر کوئی رومنگ چارجز بھی نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ فی الحال ابتدائی مراحل سے گزر رہا ہے، اس کیلئے کافی کام کرنا ہوگا، سب سے پہلے تو سرمایہ کاری منصوبے کی ضرورت ہے۔