تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
پاکستانی طالبہ ناسا پہنچ گئی

پاکستانی طالبہ ناسا پہنچ گئی

پاکستان کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ رادیہ عامر کو امریکی خلائی ادارے ’’ناسا‘‘ نے ایک ہفتے کی انٹرن شپ کے لیے منتخب کیا ہے۔ شہر قائد کی یہ طالبہ کہکشاؤں میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کے لیے بے چین ہے۔ 13 سالہ رادیہ برٹش اوورسیز اسکول میں آٹھویں جماعت کی طالبہ ہیں۔ رادیہ عامر کو ہمیشہ سے ہی خلا میں جانے اور اسے جاننے کا تجسس تھا۔ رادیہ کو اس کے اسکول کی سپورٹ پر ’’ناسا‘‘ نے مختلف ممالک کے 25 طلباء کے گروپ کے ساتھ منتخب کیا ہے اور رادیہ اپنی پہلی کامیابی پر کافی پرجوش ہیں۔ رادیہ عامر کو خلا میں زندہ رہنے، چہل قدمی کرنے سمیت دیگر خلائی امور کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔ رادیہ عامر کا کہنا ہے کہ ناسا کینیڈی اسپیس سینٹر میں ایک ہفتہ گزارنا اور وہاں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانا میرا خواب ہے۔ میری شروع سے ہی سیاروں اور ستاروں میں دلچسپی تھی۔ کہکشاں میں چمکتے ہوئے ستارے ہمیشہ سے ہی میری جستجو کا باعث بنے رہے ہیں۔ رادیہ نے اپیل کی کہ لوگ میرے سفر کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔